امریکا اور متحدہ عرب امارات نے مشترکہ اے آئی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کر دیا

مشترکہ اے آئی ٹاسک فورس آئندہ چند ہفتوں میں باقاعدہ طور پر کام شروع کر دے گی، سینٹکام


ویب ڈیسک July 29, 2026

واشنگٹن:

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر پہلی دوطرفہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان کر دیا ہے جس کا مقصد دفاعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا اور مشترکہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔

سینٹکام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکا اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اس حوالے سے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جبکہ مشترکہ اے آئی ٹاسک فورس آئندہ چند ہفتوں میں باقاعدہ طور پر کام شروع کر دے گی۔

 

ترجمان سینٹکام کے مطابق ٹاسک فورس میں امریکا اور متحدہ عرب امارات کے مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس اور سائبر سکیورٹی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے 20 ماہر اہلکار شامل ہوں گے جو مشترکہ منصوبوں پر کام کریں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد فوجی نوعیت کی اے آئی ایپلی کیشنز کی تیاری اور ان کی عملی صلاحیتوں کو تیزی سے بہتر بنانا ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دفاعی استعداد میں اضافہ کیا جا سکے۔

سینٹکام کا کہنا ہے کہ یہ مشترکہ ٹاسک فورس دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو نئی جہت دینے کے ساتھ ساتھ مستقبل کی ٹیکنالوجی پر مبنی عسکری منصوبوں میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔