سعودی عرب کے مبینہ جعلی ویزے پر سفر کی کوشش ناکام، مسافر آف لوڈ

امیگریشن کلیئرنس کے دوران سفری دستاویزات مشکوک پائے جانے پر اسے مزید جانچ کے لیے ریفر کیا گیا

کراچی:

ایف آئی اے امیگریشن کراچی کی بروقت کارروائی کے نیتجے میں مبینہ جعلی سعودی ویزے پر سفر کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مسافر کو آف لوڈ کردیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب جانے والے ایک مسافر کو مبینہ جعلی سعودی ویزا پر سفر کی کوشش کے دوران آف لوڈ کر دیا۔

مسافر احمد علی، رہائشی لاڑکانہ، سندھ پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی عرب کے وزٹ ویزا کے ذریعے سفر کر رہا تھا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران سفری دستاویزات مشکوک پائے جانے پر اسے مزید جانچ کے لیے ریفر کیا گیا۔

اس دوران تفصیلی جانچ کے دوران پیش کیا گیا سعودی پیپر ویزا مبینہ طور پر جعلی پایا گیا۔ جس کے بعد مزید جانچ سے معلوم ہوا کہ ویزا پر درج یو اے ای ریزیڈنس ویزا نمبر دراصل مسافر کا پاکستانی قومی شناختی کارڈ نمبر تھا، جبکہ درج میعاد ختم ہونے کی تاریخ بھی اس کے قومی شناختی کارڈ کی ایکسپائری تاریخ سے مطابقت رکھتی تھی۔

مزید برآں ویزا پر درج نمبر کا فارمیٹ بھی سعودی ویزوں کے مقررہ فارمیٹ سے مختلف پایا گیا، جس سے دستاویز کے جعلی ہونے کا شبہ مزید مضبوط ہو گیا۔ انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم (IBMS) سے تصدیق کے دوران بھی مسافر کے دعویٰ کردہ یو اے ای ریزیڈنس کے حق میں کوئی سفری ریکارڈ یا ثبوت دستیاب نہ ہو سکا۔

ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران مسافر نے دعویٰ کیا کہ اس نے مذکورہ ویزا متحدہ عرب امارات میں موجود ایک ایجنٹ کے ذریعے حاصل کیا، تاہم ایجنٹ کی شناخت اور تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کیا، تفتیش میں تعاون نہیں کیا اور نامناسب رویہ اختیار کیا۔

مسافر نے خود کو وکیل (ایڈووکیٹ) ظاہر کیا اور اس سلسلے میں سندھ بار کونسل کی جانب سے جاری کردہ اپنا ایڈووکیٹ شناختی کارڈ بھی پیش کیا، جسے ریکارڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔

مذکورہ حقائق اور شواہد کی روشنی میں مسافر کو پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا ہے اور کیس مزید قانونی کارروائی، ویزا کی تصدیق، متعلقہ ایجنٹ کی نشاندہی اور جعلی سفری دستاویزات کے ممکنہ نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے متعلقہ حکام کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق  ایف آئی اے جعلی ویزوں، جعلی سفری دستاویزات، امیگریشن فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور ایسے تمام نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

Load Next Story