کویت کی جانب سے دفاعی معاہدے کی توثیق پر پاکستان کا خیر مقدم

پاکستان اور کویت کی مسلح افواج میں روابط مزید مستحکم ہونگے، معاہدے کی شقوں پر عمل کیلیے تعاون کیا جائے گا، دفتر خارجہ

اسلام آباد:

دفتر خارجہ نے پاکستان کویت دفاعی تعاون معاہدے کی کویتی توثیق کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ پاک کویت دفاعی تعاون معاہدے کی توثیق دونوں برادر ممالک کے دفاعی تعلقات میں اہم سنگِ میل ہے۔

 ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور کویت کے دفاعی تعلقات کی بنیاد 1980 کی دہائی سے قائم مضبوط شراکت داری پر ہے، معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور سکیورٹی شراکت داری کو مزید مضبوط بنائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دفاعی تعاون معاہدہ فوجی تربیت، عسکری تعلیم، مشترکہ مشقوں اور مہارتوں کے تبادلے کے لیے جامع ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرتا ہے،معاہدے سے پاکستان اور کویت کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط مزید مستحکم ہوں گے پاکستان اور کویت معاہدے پر اس کی شقوں کے مطابق مکمل عملدرآمد کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور ادارہ جاتی تعاون کی بنیاد پر دفاعی شراکت داری مزید وسعت دیں گے، پاکستان کویت دفاعی تعاون علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ جون 2023ء میں ہوا تھا۔

Load Next Story