لاہور میں شدید گرمی اور حبس کے بعد بارش، موسم خوش گوار
لاہور میں صبح سے شدید گرمی اور حبس کے بعد بارش شروع ہوگئی جس کے باعث موسم خوش گوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون کی بارش برسانے والا سسٹم موجود ہے جس کے زیر اثر 3 اگست تک وقفے وقفے سے تیز بارش کا امکان ہے۔
بارشوں میں وقفے کے باعث درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا تھا، لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 جبکہ زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
ایم ڈی واسا غفران احمد نے تمام مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز کو کلیئر رکھنے اور تمام فیلڈ ٹیموں کو متحرک رہنے کی ہدایت کر دی۔
ایم ڈی واسا کے مطابق بجلی کی بندش والے علاقوں میں ڈسپوزل اسٹیشنز کو جنریٹرز پر چلایا جائے، تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کے پمپس کو آپریشنل رکھا جائے اور اسکرینوں کو صاف رکھا جائے۔ تمام ٹاون ڈائریکٹرز اپنے ٹاؤنز کی مکمل مانیٹرنگ رکھیں۔
مون سون کی ممکنہ بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے بھی الرٹ جاری کر دیا ہے۔