دنیا کے مہنگے ترین آم، قیمت سیکڑوں ہزاروں میں نہیں بلکہ لاکھوں روپے میں
عام طور پر بازار میں آم چند سو روپے فی کلو میں دستیاب ہوتے ہیں، لیکن دنیا میں ایک ایسی نایاب قسم بھی موجود ہے جس کی قیمت سن کر ہر کوئی حیران رہ جاتا ہے۔ جاپانی نسل کے میازاکی آم ایک بار پھر اپنی غیرمعمولی قیمت کے باعث خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔
بھارت کے کاشتکار سندیپ چوہدری نے اپنی فصل میں تیار ہونے والے میازاکی آم 2 لاکھ 11 ہزار بھارتی روپے فی کلو میں فروخت کیے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 6 لاکھ 12 ہزار روپے بنتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک کلو وزن میں صرف چار آم شامل تھے، یعنی ہر آم کی قیمت بھی غیرمعمولی رہی۔
کاشتکار سندیپ چوہدری نے فروخت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ یہ نایاب آم سورت کے معروف تاجر پروین گپتا نے خریدے ہیں۔ ان کے مطابق خریدار گزشتہ سال سے ان کے ساتھ رابطے میں تھے اور اس منفرد آم کی خریداری میں خصوصی دلچسپی رکھتے تھے۔
میازاکی آم اپنی دلکش سرخی مائل رنگت اور منفرد ذائقے کی وجہ سے دنیا بھر میں خاص مقام رکھتا ہے۔ اسے ’’سورج کا انڈہ‘‘ (Egg of the Sun) بھی کہا جاتا ہے، جبکہ غذائیت کے اعتبار سے بھی اسے عام اقسام کے آموں پر فوقیت حاصل ہے۔
ماہرین کے مطابق میازاکی آم میں وٹامن اے، وٹامن سی، بیٹا کیروٹین اور اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار دیگر عام اقسام کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اسے دنیا کے مہنگے ترین اور نایاب آموں میں شمار کیا جاتا ہے۔