وزیراعلیٰ پنجاب چیمپئن لیگ؛ ٹرافی کی شاندار تقریب رونمائی کا انعقاد
وزیراعلیٰ پنجاب چیمپئن لیگ کی ٹرافی کی شاندار تقریب رونمائی منعقد ہوئی، تقریب میں صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیر سید اور بارہ مردوں کی ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی کی۔ تقریب میں لیگ میں شریک تمام ٹیموں کے لوگوز بھی متعارف کرائے گئے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق پنجاب کو پاکستان کا اسپورٹس حب بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ، پی ایس ایل کے بعد ملک کا سب سے بڑا ڈومیسٹک کرکٹ ایونٹ ہے جس میں بارہ مردوں اور چار خواتین کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ لیگ کا آفیشل پارٹنر ہے اور امپائرز، میچ ریفریز اور اسکوررز بھی پی سی بی فراہم کرے گا۔