آزاد کشمیر الیکشن الٹرا فارم 47 والا نظر آ رہا ہے، ندیم افضل چن

کولیپس سسٹم کی لاڈلی جماعت کا مقابلہ کریں گے، رہنما پیپلز پارٹی

اسلام آباد:

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں پیپلزپارٹی کے ساتھ غیرمنصفانہ سلوک کیا جا رہا ہے، یہ الٹرا فارم 47 والا انتخاب نظر آ رہا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں انتخابات میں بیلٹ پیپرز نہ پہنچنا اور امن و امان کی صورتحال درست نہیں، آپ ہوش کے ناخن لیں، ورنہ ہم ان انتخابات کی کسی صورت توثیق نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات پر پوری دنیا کی نظر ہے، اس انتخابی عمل کو درست کیا جائے۔ شاید یہ آزاد انتخاب نہیں کرانا چاہتے، ایک پارٹی کو اقتدار دینے کے لئے دھاندلی کی جارہی ہے، فرسٹ فیز میں بھی دھاندلی کی گئی تھی۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں دوسرے اور تیسرے مرحلے کے بائیکاٹ کی مضبوط رائے موجود تھی، تاہم پارٹی قیادت نے بائیکاٹ کو مسترد کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ جو اس عمل کو خراب ثابت کرنا چاہتے تھے وہ اب اپنے موقف میں زیادہ مضبوط ہوں گے، ہم سیٹیں جیتنے کے لیے الیکشن نہیں لڑ رہے اور ہم کوئی انتہائی قدم نہیں اٹھانا چاہتے۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ ہم بلٹ نہیں بیلٹ سے تبدیلی چاہتے ہیں، ہم صرف واویلا نہیں چاہتے بلکہ ٹھوس ثبوت دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سب سے بڑا انتخاب سیالکوٹ اور جھنگ میں ہو رہا ہے، جہاں خدشہ ہے کہ گلوبٹ ماڈل استعمال نہ ہو، کولیپس سسٹم کی لاڈلی جماعت کا ہم مقابلہ کریں گے اور ہم بھاگنے والی جماعت نہیں ہیں۔

Load Next Story