خیبرپختونخوا حکومت کا صوبے کے ہربچے کو عالمی معیار کی تعلیم پہنچانے کیلیے ڈیجیٹل منصوبے کا اعلان

صوبے میں آئندہ دو برس کے دوران شرح خواندگی میں 30 سے 35 فیصد اضافے کا ہمارا ہدف ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں عالمی معیار کی تعلیم ہر بچے تک پہنچانے کیلیے ڈیجیٹل انقلاب برپا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبے میں ڈیجیٹل تعلیمی اصلاحات پر اہم اجلاس ہوا جس میں ہر بچے تک عالمی معیار کی تعلیم پہنچانے کے لیے نظام تعلیم میں ڈیجیٹل انقلاب برپا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ ڈیجیٹل تعلیمی اصلاحات کے ذریعے سکول سے باہر لاکھوں بچوں کو تعلیمی دھارے میں لایا جائے گا،  ٹیکنالوجی کے ذریعے دور دراز اور سکولوں سے محروم علاقوں سمیت ہر بچے کو معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے میں آئندہ دو برس کے دوران شرح خواندگی میں 30 سے 35 فیصد اضافے کا ہمارا ہدف ہے، اس معاملے پر 5 ارب کی سرمایہ کاری کی جائے گی جو محکمہ تعلیم کے بجٹ کے مقابلے میں نہایت معمولی مگر نتائج کے اعتبار سے انقلابی ثابت ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیجیٹل اصلاحات گزشتہ 78 برس کے روایتی نظام سے زیادہ موثر ثابت ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ڈیجیٹل نظام تعلیم سے بچیوں کی تعلیم میں حائل جغرافیائی اور سماجی رکاوٹوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’’پڑھو خیبر پختونخوا منصوبے کے تحت صوبے کا مکمل نصاب ڈیجیٹلائز کر کے تمام درسی کتب طلبہ کو موبائل فون پر دستیاب ہوں گی جبکہ طلبہ انٹرنیٹ کے بغیر بھی کسی بھی وقت اور اپنی سہولت کے مطابق تعلیم حاصل کر سکیں گے‘‘۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل تعلیمی اصلاحات پر 5 ارب روپے کی ایک مرتبہ سرمایہ کاری سے سالانہ 100 ارب روپے سے زائد کی بچت ممکن ہوگی، صوبے کے 90 فیصد گھرانوں میں موجود اسمارٹ فونز کو تعلیم کے فروغ کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا۔

اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ صوبے کے 50 سے زائد اسکولوں میں آن لائن تدریس کا آغاز ہو چکا، اگست کے آخر تک 500 سکول ورچوئل لرننگ سے منسلک ہوں گے جبکہ ورچوئل لرننگ نظام میں سائنس کی جدید ورچوئل لیبارٹریز اور عالمی زبانوں کی تدریس بھی شامل کی جائے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ چینی، کوریائی، فرانسیسی، عربی، ہسپانوی اور انگریزی زبانوں کی ورچوئل لیبز جلد فعال ہوں گی، ورچوئل اسکول دو شفٹوں میں فعال، ایشیائی اور یورپی ٹائم زونز کے مطابق کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ اردو اور انگریزی کے ساتھ ساتھ پشتو زبان میں بھی ڈیجیٹل تدریس متعارف کرائی جائے گی۔

بریفنگ کے مطابق ڈیجیٹل تعلیمی نظام میں تدریس، امتحانات، اسائنمنٹس، حاضری اور تعلیمی نگرانی ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوگی، مصنوعی ذہانت اور اساتذہ کی مشترکہ معاونت سے ہر طالب علم کی استعداد اور تعلیمی پیش رفت کے مطابق ذاتی نوعیت کی تعلیم فراہم کی جائے گی، طلبہ کو لائیو کلاسز، ریکارڈ شدہ لیکچرز، ہوم ورک، امتحانات اور فوری تعلیمی معاونت ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوگی۔

 

Load Next Story