مردان میں پولیس اہلکار نے تھانے کے اندر بھائی کو قتل کرنے والے زیر حراست ملزم کو مار ڈالا
خیبرپختونخوا کے ضلع مردان تھانہ صدر میں قائم ایس پی انویسٹیگیشن کے دفتر میں فائرنگ سے زیرِ حراست ملزم جاں بحق ہوگیا جبکہ پولیس نے ملزم کو موقع پر سے گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن کے دفتر میں پولیس کی موجودگی کے دوران فائرنگ کے واقعے میں زیرِ حراست مشال نامی ملزم جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم عمران کو موقع پر گرفتار کرلیا جو خود محکمہ پولیس کا ملازم اور ڈی ایس پی ٹریفک کے دفتر میں ریڈر کے طور پر تعینات ہے۔
مقتول مشال نے گزشتہ روز فائرنگ کرکے ملزم کے بھائی کو قتل کیا تھا۔ واقعے کے بعد مشال کو گرفتار کرکے صدر پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا اور اس کیخلاف قتل کے مقدمے کی تفتیش جاری تھی۔
بعد ازاں انہیں ایس پی انویسٹی گیشن کے دفتر لایا گیا جہاں پولیس کی موجودگی میں ملزم نے فائرنگ کرکے مشال کو قتل کردیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او مردان مسعود احمد اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے ڈی پی او نے موقع پر موجود تین پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے کوارٹر گارڈ میں بند کردیا۔
پولیس نے فائرنگ کرنیوالے پولیس اہلکار عمران کو حراست میں لے لیا کر تحقیقات شروع کردیں جبکہ اہلکاروں کی موجودگی میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔