کوئٹہ:
تھانہ خالق شہید کی حدود بلوچ خان کالونی، مشرقی بائی پاس میں پولیس اسپیشل برانچ کے کانسٹیبل کی مبینہ فائرنگ سے اس کا سگا بھائی جاں بحق جبکہ بھتیجا اور کزن زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گزشتہ رات تقریباً 9 بجے پیش آیا، جہاں پولیس اسپیشل برانچ کے کانسٹیبل رحمت ولد کوتان نے مبینہ طور پر اپنے بھائی، بھتیجے اور ماموں کے بیٹے پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل کفایت اللہ ولد کوتان، قوم کاکڑ، موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ دولت ولد عبداللہ اور الطاف ولد محیب اللہ زخمی ہوئے۔
ایس ایچ او خالق شہید اعجاز محمود کے مطابق فائرنگ کرنے والا کانسٹیبل رحمت اور جاں بحق ہونے والا کفایت اللہ سگے بھائی اور دونوں پولیس ملازم ہیں، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سریاب ڈویژن طالب حسین اور ایس ایچ او خالق شہید اعجاز محمود پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس نے جاں بحق شخص کی لاش کو میڈیکو لیگل کارروائی کے لیے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا، پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم کانسٹیبل رحمت موقع سے فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے، جبکہ فائرنگ کی اصل وجہ جاننے کے لیے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔