مظفر آباد اور میرپور ڈویژنز میں تعلیمی سرگرمیاں بحال، راولاکوٹ میں بدستور معطل

احتجاج کے باعث ہماری پڑھائی کا شدید نقصان ہو رہا ہے، راولاکوٹ کے طلبا کی دہائی

کراچی:

آزاد کشمیر کے مظفر آباد اور میرپور ڈویژنز سمیت بیشتر علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئیں، راولاکوٹ کے طلباء کی تعلیم بدستور متاثر ہے۔

مظفرآباد اور میرپور ڈویژنز میں معمولاتِ زندگی بحال ہونے کے ساتھ تعلیمی اداروں میں بھی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو چکی ہیں۔ ان علاقوں میں طلبہ و طالبات نے اپنی پڑھائی کا سلسلہ دوبارہ سے جاری رکھا ہوا ہے جسے وہ نہایت خوش آئند قرار دے رہے ہیں۔ 

راولاکوٹ میں احتجاج کے باعث تعلیمی سرگرمیاں تاحال معطل ہیں جس کے باعث طلباء کو تعلیمی نقصان کا سامنا ہے اور ان کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے۔

تعلیمی سرگرمیاں بحال ہونے پرمظفرآباد اور میرپور کے طلباء کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے دوبارہ کھلنے سے ہماری پڑھائی کا سلسلہ بحال ہو گیا ہے جس سے ہمیں اپنے تعلیمی اہداف پر توجہ دینے کا موقع مل رہا ہے۔ پرامن ماحول میں تعلیم کا سلسلہ جاری رہنا ہمارے مستقبل کے لیے انتہائی ضروری ہے، اس لیے تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے۔

راولاکوٹ کے طلبہ و طالبات نے کہا کہ احتجاج کے باعث ہمارے تعلیمی ادارے بند ہیں، جس سے ہماری پڑھائی کا شدید نقصان ہو رہا ہے اور ہمارا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے سے ہمارا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے، جس کا اثر ہمارے مستقبل اور کیریئر پر پڑ سکتا ہے۔

طلبا نے اپیل کی کہ احتجاج اور دھرنے کو ختم کرکے تعلیمی ادارے کھولے جائیں تاکہ ہم اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں اور اپنے مستقبل کے اہداف حاصل کرسکیں۔

Load Next Story