مظفرآباد:
پاکستان کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں آزاد جموں و کشمیر میں بنیادی سہولیات اور معیار زندگی بہتر ہے۔
آزاد کشمیر کے شہریوں نے اعداد وشمار کی روشنی میں پاکستان کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں دستیاب بنیادی سہولیات کو بہترین قرار دے دیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کے مطابق یہاں پر بجلی، آٹے کے نرخ سے لے کر سڑکوں کے نیٹ ورک، نظامِ تعلیم، صحت اور ٹیلی کمیونیکیشن سمیت کئی شعبے پاکستان کے دیگر حصوں سے بہتر ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں بجلی کا بنیادی ریٹ تقریباً 3 روپے فی یونٹ ہے جبکہ پاکستان کے دیگر علاقوں میں ٹیکسز، سرچارجز اور ایڈجسٹمنٹس کے باعث بجلی کئی گنا مہنگی ہے۔
آٹے کے معاملے میں بھی آزاد کشمیر کی عوام کو نمایاں ریلیف حاصل ہے، جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے، دشوار گزار جغرافیے کے باوجود آزاد جموں و کشمیر میں سڑکوں کا وسیع نیٹ ورک موجود ہے۔
تعلیم کے شعبے میں آزاد کشمیر کی شرحِ خواندگی تقریباً 77.8 فیصد ہے، جو پاکستان کے دیگر صوبوں سے بلند ہے، آزاد کشمیر کے چھوٹے سے خطے پر سیکڑوں کالجز اور متعدد جامعات موجود ہیں جو تعلیمی سہولیات کی بہتر صورتحال ظاہر کرتی ہیں۔
دور افتادہ پہاڑی علاقوں کے باوجود نیلم ویلی، جہلم ویلی اور دیگر علاقوں تک موبائل اور ٹیلی کمیونیکیشن کی سہولیات پہنچ چکی ہیں۔