اسپتال چلانا وزارت صحت کا کام نہیں، پمز واقعے پر سیاست کرنے والے ڈرامے بازی بند کریں، مصطفیٰ کمال

کیا چالیس سال سے مصطفیٰ کمال کی حکومت ہے؟ سیاست کرنے والے ڈرامے بازی بند کریں، وزیر صحت کا جواب

فوٹو فائل

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سانحہ پمز کے بعد وزیراعظم کو استعفیٰ بھیجنے سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا اور واضح کیا ہے کہ اسپتال چلانا وزارت صحت کی ذمہ داری نہیں ہے، پمز واقعے پر سیاست کرنے والے ڈرامے بازی بند کردیں۔

نجی ٹی وی شو میں گفتگو کے دوران وزیر صحت نے کہا کہ اسلام آباد میں چار سے پانچ بڑے اسپتال ہیں جہاں شہریوں کا بہت زیادہ رش ہوتا ہے مگر واضح کردوں کہ اسپتال چلانا وزارت صحت کا کام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپتال چلانا انتظامیہ کا کام ہے مگر پمز واقعے کے بعد سیاست کی جارہی ہے، مجھے بتایا جائے کہ کیا گزشتہ 35 ، چالیس سالوں سے مصطفیٰ کمال کی حکومت ہے؟۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سیاست کرنے والوں کو کہتا ہوں کہ ڈرامے بازی بند کرو، مجھے سیاسی وابستگی سے کوئی فرق نہیں پڑتا البتہ اکثر تنقید کرنے والوں کی عقل پر دنگ رہ جاتا ہوں۔

وزیرصحت مصطفی کمال نے کہا کہ پمزاسپتال میں 275سےزائدآسامیاں خالی ہیں، یہاں نیا ٹراما سینٹر بنایا گیا جس کیلئے نئی بھرتیاں کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ آتشزدگی کے بعد اسپتال سے 80 کے قریب لوگوں کو ریسکیو کیا گیا۔

وفاقی وزیرصحت نے کہا کہ واقعے کے بعد پمزاسپتال میں علاج و معالجے کی سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔ تاہم جب میزبان نے اُن سے وزیراعظم کو استعفیٰ ارسال کرنے سے متعلق سوال کیا تو وفاقی وزیرصحت مصطفی کمال نے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔

متعلقہ

Load Next Story