اسلام آباد کے اسپتال پاکستان میڈیکل انسٹیٹیوٹ آف سائنسز (پمز) میں پیش آنے والے ہولناک واقعے کے بعد
کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں فائر سیفٹی کے فوری انتظامات کے لیے احکامات جاری کردیے گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) نے تمام طبی اداروں اور اسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات فوری طور پر مؤثر بنانے کی ہدایت کردی۔
تمام اسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات کا فوری جائزہ لینے اور مناسب تعداد میں فائر ایکسٹنگوشرز کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم کیا گیا ہے، اس کے علاوہ وارڈز، آپریشن تھیٹرز، لیبارٹریز، اسٹورز اور کچن میں فائر ایکسٹنگوشرز نصب کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
انتظامیہ کو اسپتالوں میں فائر الارم اور فائر ڈیٹیکشن سسٹم کی تنصیب اور فعالیت یقینی بنانے، ایمرجنسی فائر ایگزٹس اور فرار کے راستے ہر وقت کھلے رکھنے جبکہ ایمرجنسی انخلا کے منصوبے اور فائر سیفٹی ہدایات نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اسپتالوں میں فائر ہیزرڈز اور حساس مقامات کی نشاندہی کرکے فوری حفاظتی اقدامات کرنے، بجلی کی تنصیبات، وائرنگ، جنریٹرز، کچن اور آکسیجن اسٹوریج ایریاز کا باقاعدگی سے معائنہ کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
حکام نے اسپتال عملے کے لیے فائر سیفٹی ڈرلز اور تربیت باقاعدگی سے کرانے، تمام طبی اداروں کے سربراہان کو فائر سیفٹی انتظامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا جبکہ ہدایت کی کہ فائر سیفٹی انتظامات کی تصدیق شدہ کمپلائنس رپورٹ 3 روز میں جمع کرائی جائے۔
دوسری جانب فائر سیفٹی انتظامات میں غفلت یا ناکامی کو سنجیدگی سے لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے سندھ کے نجی اسکولوں کے لیے فائر سیفٹی کے حفاظتی اقدامات لازمی قرار دیا گیا ہے۔