پمز سانحہ؛ وزیراعظم کو تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ آج پیش کی جائے گی

تحقیقاتی کمیٹی پانچ روز میں مکمل تحقیقات اور سفارشات پر مشتمل رپورٹ بھی پیش کرے گی

اسلام آباد:

پمز سانحہ کو 48 گھنٹے گزر گئے تاہم ماحول افسردہ ہے، تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے آج وزیراعظم کو عبوری رپورٹ پیش کی جائے گی۔

وزیر اعظم کی ہدایات پر قائم اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تحقیقات جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق پمز کے متعلقہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر، جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز سمیت متعلقہ میڈیکل افسران کے بیانات قلمند کیے گئے جبکہ تحقیقاتی کمیٹی نے آگ لگنے کی وجوہات اور رسپانس سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا۔

تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان نے گزشتہ روز فائر بریگیڈ ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کیا، کمیٹی نے کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے افسران اور ریسکیو آپریشن میں شامل عملے کے بیانات قلمبند کر لیے۔

وزیر اعظم کی بنائی گئی کمیٹی کے چیئرمین ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹری شاہد خان ہیں۔ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر خورشید اُترا، ڈاکٹر بیرسٹر نبیل احمد اعوان اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔

وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی نے 48 گھنٹے میں عبوری رپورٹ پیش کرنی ہے جبکہ تحقیقاتی کمیٹی پانچ روز میں مکمل تحقیقات اور سفارشات پر مشتمل رپورٹ پیش کرے گی۔

متعلقہ

Load Next Story