کراچی: سی ٹی ڈی کی حساس ادارے کے ہمراہ کارروائی، کالعدم تنظیم کا ٹارگٹ کلر گرفتار

ابتدائی تفتیش میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کے انکشافات ہوئے ہیں

کراچی میں سی ٹی ڈی آپریشن کراچی نے وفاقی سول حساس ادارے کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم دہشت گرد تنظیم سے وابستہ ٹارگٹ کلر سید محمد عسکری عابدی کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار دہشت گرد سے ایک ہینڈ گرنیڈ اور ایک کلاشنکوف برآمد ہوئی، جبکہ اس کا نام سی ٹی ڈی کی ریڈ بک ایڈیشن 10 کے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم طویل عرصے سے روپوش تھا اور کراچی میں دوبارہ اپنا نیٹ ورک منظم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

ابتدائی تفتیش میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کے انکشافات ہوئے ہیں۔ ملزم نے اپنے دیگر دہشت گرد ساتھیوں کے ہمراہ مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا، جبکہ وہ ساتھیوں کے ہمراہ پہلے ریکی اور پھر نشانہ بناتا تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات درج ہیں۔ ملزم کے خلاف تھانہ جمشید کوارٹر میں مقدمہ نمبر 312/2004 اور 64/2005، تھانہ فیروز آباد میں مقدمہ نمبر 64/2005 جبکہ تھانہ تیموریہ میں مقدمہ نمبر 259/2005 درج ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کے خلاف سی ٹی ڈی آپریشن کراچی میں مزید دو مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ مقدمہ نمبر 77/2026 ایکسپلوسیو ایکٹ اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت جبکہ مقدمہ نمبر 78/2026 سندھ آرمز ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔

گرفتار دہشت گرد سے مزید تفتیش اور جوائنٹ انویسٹی گیشن کا عمل جاری ہے۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں اور نیٹ ورک تک رسائی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ سی ٹی ڈی اور وفاقی سول حساس ادارے کی جانب سے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Load Next Story