حکومتی کمیٹی نے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کیلیے ہماری تجاویز ماننے پر رضامندی ظاہر کی ہے، حافظ نعیم

آج ہمارے کارکنان گرفتار اور قائدین پر پرچے ہوئے، جلد پہیہ جام ہڑتال کی کال دوں گا، دھرنے کے شرکا سے خطاب

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم نے کہا ہے کہ حکومت کی کمیٹی نے لیوی ختم کرنے کیلیے ہماری تجاویز ماننے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

لاہور میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج پاکستان بھر میں تاریخی جدوجہد ہوئی، کراچی میں مکمل شٹرڈاون رہا جبکہ وکلا نے ریلیاں نکالیں اور مالاکنڈ ڈویثن میں تاریخی ہڑتال ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وسطی علاقوں میں بھی کاروبار بند رہے،  پنجاب بھر میں پولیس تشدد کے باوجود کامیاب ہڑتال ہوئی اور ہمارے ایک درجن سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ کراچی میں بھی گرفتاریاں ہوئیں جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ہمارے قائدین پر دہشت گردی کے ناجائز مقدمات بنائے گئے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں فوری واپس لیا جائے، آج حکومتی وفد آیا ہم اپنی اقدار کے مطابق پیش آئے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی نے کہا پیٹرولیم لیوی ختم نہیں ہو سکتی، جس پر ہم نے کہا کہ طریقہ ہم بتائیں گے تو حکومتی کمیٹی نے تسلیم کیا وہ ہماری تجویز مانیں گے۔

حفظ نعیم نے کہا کہ ہم صرف حکومت کی زبانی یقین دہانی پر بھروسہ نہیں کریں گے بلکہ مذاکراتی ٹیبل پر ناک آؤٹ کریں گے۔ 

حافظ نعیم نے کہا کہ راولپنڈی کا دھرنا جلد شروع ہو گا جبکہ لاہور کا دھرنا جاری رہے گا، حکومت مذاکرات میں جتنی تاخیر کرے گی دھرنے بڑھتے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے جماعت اسلامی پر ایم کیو ایم بننے کا الزام لگایا، سندھ حکومت سن لے جب بے نظیر شہید ہوئیں تو آپ نے ہزاروں گاڑیاں جلائیں تھیں۔

حافظ نعیم نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تم لوگ جمہوریت اور مینڈیٹ پر ڈاکہ مارنے والے ہو،  کراچی میں قابض میئر کو مسلط کیا گیا ہے۔ جمہوریت کے ڈاکو ہمیں نہ بتائیں گے کہ ہڑتال کیسے ہوتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پشاور کے تین مقامات پر دھرنے جاری ہیں جبکہ اب دھرنوں کا دائرہ کار مزید وسیع کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی،لوڈشیڈنگ ختم اور روٹی سستی کی جائے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ کل کارکنوں کو اپنے مطالبات پر مبنی پرفارمہ دیں گے جس کے بعد کارکنان پانچ کروڑ افراد کے دستخط کروائیں گے۔ 

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آج کی ہڑتال ریہرسل تھی، اگلی کال پہیہ جام کی ہوگی ساتھ میں کارکنان اور عوام لانگ مارچ کے لیے بھی تیار رہیں کیونکہ ہماری تحریک رکنے والی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام نے عوام کو بہت دھوکے دیے ہیں اور لوگوں کا اعتماد سیاسی جماعتوں سے اٹھ چکا ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کے سنجیدہ قائدین نے ہماری ہڑتال کی حمایت کی ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکن ہماری تحریک سے جڑ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت لیوی ختم نہیں کر سکتی تو ہم اپنی جدوجہد ختم نہیں کر سکتے۔ 

حافظ نعیم نے عندیہ دیا کہ آج کے بعد پہیہ جام کی کسی بھی دن کال دے سکتا ہوں۔ 
 

متعلقہ

Load Next Story