جماعت اسلامی کی ملک گیر ہڑتال، کاروباری مراکز بند، کراچی میں نامعلوم افراد کا جلاو گھیراو

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم لیوی پر مذاکرات آج منصورہ میں ہوں گے


ویب ڈیسک September 03, 2026

کراچی:

پیٹرولیم مصنوعات اور لیوی ٹیکس کے خلاف جماعت اسلامی کی ملک گیر ہڑتال کے باعث کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ کراچی میں نامعلوم افراد کی جانب سے جلاو گھیراو کیا گیا۔

کورنگی کراسنگ کے قریب نامعلوم افراد نے جلاو گھیراو شروع کیا، نامعلوم افراد نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کیں اور ٹائر نذر آتش کیے، نامعلوم افراد نے دو موٹر سائیکلیں بھی نذر آتش کیں۔

موسمیات، صفورا چورنگی اور اطراف میں بھی نامعلوم افراد کی جانب سے کاروبار بند کروا دیا گیا، صبح سویرے کھلنے والی دکانیں اور پیٹرول پمپس بند کروائے گئے۔

ادھر، کراچی بار ایسوسی ایشن نے بھی جماعت اسلامی اور تاجروں کی اعلان کردہ ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

کراچی بار کے مطابق کراچی بار کے تحت سندھ ہائی کورٹ سے پریس کلب تک مہنگائی کی خلاف پرامن ریلی نکالی جائے گی، ہڑتال اور پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی سے وکلاء اور سائلین کو سٹی کورٹ پہنچنے میں دشواری ہوسکتی ہے، عدالت سے گزارش ہے کہ وکلا یا سائلین کی عدم حاضری پر کوئی سخت آرڈر جاری نا کیا جائے۔

پنجاب

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی کال پر ملک گیر ہڑتال کے سبب لاہور میں کوئینز روڈ، عابد مارکیٹ، ہال روڈ، مال روڈ، نسبت روڈ مارکیٹ، فیروزپور روڈ اور برنتھ روڈ سمیت مختلف علاقوں میں کاروباری مراکز بند ہیں۔

ہڑتال کے باعث معمولات زندگی متاثر ہے، عوام کا مطالبہ ہے کہ لیوی بھتے کے خاتمے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔