کراچی میں باوردی پولیس اہلکاروں کی مبینہ طور پر منشیات فروخت کرنے کی ویڈیو سامنے آگئی
فوٹو اسکرین گریپ
شہر قائد کے علاقے ملیر سٹی تھانے کے مبینہ طور پر وردی میں منشیات فروخت کرنے والے پولیس اہلکاروں کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی تھانے کی حدود میں شہری نے دو باوردی پولیس اہلکاروں کی ویڈیو بنائی اور الزام عائد کیا کہ دونوں اہلکار منشیات فروخت کررہے ہیں۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ملیر نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں اہلکاروں کو معطل کر کے واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار انکوائری ایس پی ملیر ڈویژن کے سپرد کر دی۔
ویڈیو میں دکھائی دینے والا شخص ایکسائز کا برطرف اہلکار ہے جو منشیات فروشوں کو مبینہ سپورٹ کرتا ہے۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ملیر پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملیر سٹی تھانے کے 2 پولیس کانسٹیبلز دوران گشت مشتبہ شخص کو روک کر چیک کر رہے تھے جس کے قبضے سے مبینہ طور پر منشیات برآمد ہوئی اسی دوران احسان نامی شخص موقع پر پہنچا اور پولیس اہلکاروں کی ویڈیو بناتے ہوئے ان پر مختلف الزامات عائد کرنا شروع کر دیے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ذرائع کے مطابق احسان نامی شخص نے پولیس اہلکاروں سے مزاحمت کی اور مبینہ طور پر برآمد شدہ منشیات پولیس سے چھین کر زیر حراست شخص کو بھی وہاں سے اپنے ہمراہ لے گیا جبکہ ابتدائی طور پر یہ بھی سامنے آیا ہے کہ احسان نامی شخص ایکسائز سے برطرف ہے اور اس کی جانب سے ماضی میں بھی پولیس اہلکاروں کے ساتھ اس نوعیت کی حرکات اور پولیس سے مزاحمت کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں جو منشیات فروشوں کو سپورٹ کرتا ہے۔
تاہم ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ملیر نے واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے ویڈیو میں دکھائی دینے والے دونوں پولیس کانسٹیبلز کو معطل کر کے معاملے کی مکمل انکوائری ایس پی ملیر ڈویژن کے سپرد کر دی ہے۔