کراچی میں سابق سسر گھر میں داخل ہوکر ماں سے بچہ چھین کر فرار

واقعہ سرسید کے علاقے بلال کالونی میں پیش آیا، پولیس کو درخواست دی مگر کوئی کارروائی نہیں کی گئی، متاثرہ خاتون


منور خان September 04, 2026

شہر قائد کے علاقے سرسید بلال کالونی کچی آبادی سیکٹر سیون سی میں سابق سسر گھر کے اندر گھس کر خاتون سے اس کا کمسن بیٹا چھین کر فرار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سائرہ نامی خاتون نے سرسید تھانے میں واقعے سے متعلق درخواست جمع کرا دی تاہم پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔

خاتون کے مطابق وہ 3 بچوں کی ماہ ہے اور 8 سال قبل اس کی لطیف نامی شخص سے شادی ہوئی تھی جو کہ گزشتہ 3 سالوں سے سعودی عرب میں ملازمت کر رہا ہے اور وہ گھر پر سسر ہاشم کے ہمراہ رہائش پذیر تھی جو مجھے ہراساں اور غلط نظر رکھتا تھا۔

خاتون کے مطابق اس حوالے سے شوہر سے شکایت کی تو اس نے اس بات پر مجھے ایک سال قبل طلاق دیدی جس کے بعد وہ اپنی والدہ کے پاس قریبی گلی میں کرایے کا گھر لے کر وہاں منتقل ہوگئی اور گھروں میں کام کاج کر کے بچوں کا پیٹ پالتی رہی۔

خاتون کے مطابق اس دوران بھی میرا سسر سرراہ مجھے ہراساں کرتا رہا جبکہ جمعرات 3 ستمبر کی صبح 7 بجے کے قریب میرے گھر میں جبکہ میری والدہ دروزاہ باہر سے بند کر کے کسی سے ملنے گئی ہوئی تھیں کہ اس دوران موقع پاکر گھر میں گھس آیا اور بدتمیزی کرتے ہوئے کپڑے پھاڑ دیے۔

خاتون کے مطابق شور مچانے پر سابق سسر میرے 4 سالہ بیٹے کو اٹھا کر گھر سے فرار ہوگیا۔ متاثرہ خاتون نے درخواست میں پولیس انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مجھے یا میرے خاندان کے کسی فرد کو کچھ ہوا تو اس کا ذمہ دار میرا سابق سسر ہاشم ہوگا۔