ڈیجیٹل ترقی؛ سندھ حکومت کا چین میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان

سندھ انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کانفرنس سے سندھ اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کا نیا باب کھلے گا

کراچی:

سندھ حکومت نے چین میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے سندھ حکومت نے  15 اکتوبر کو چین کے شہر شنگھائی میں سندھ انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں چینی سرمایہ کار اور کاروباری رہنما شرکت کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اس کانفرنس سے خطاب کریں گے اور چینی سرمایہ کاروں کو صوبے میں دستیاب کاروباری اور سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں سرمایہ لگانے کی دعوت دیں گے۔

کانفرنس میں توانائی، مینوفیکچرنگ، الیکٹرک وہیکلز، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون کے امکانات پر بات چیت ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ چینی سرمایہ کاروں کو زراعت، فوڈ پروسیسنگ، لاجسٹکس اور ویئر ہاؤسنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش بھی کریں گے۔ اس موقع پر سندھ میں چینی سرمایہ کاری کے نئے مواقع کو اجاگر کیا جائے گا۔

سندھ حکومت چینی سرمایہ کاروں کو کاروباری سہولیات فراہم کرنے اور صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، تاکہ مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون کو آگے بڑھایا جاسکے۔

شنگھائی میں ہونے والی سندھ انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کانفرنس سے سندھ اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کا نیا باب کھلنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

Load Next Story