خیبر پختونخوا پولیس شہداء، زخمی اہلکاروں اور خاندانوں کے معاوضوں میں ریکارڈ اضافے کی منظوری

خیبر پختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کے منظوری بھی شامل ہے

فوٹو: فائل

پشاور:

خیبر پختونخوا پولیس کے شہداء، زخمی اہلکاروں اور خاندانوں کے لیے معاوضوں اور مراعات میں ریکارڈ اضافے کی منظوری دے دی گئی۔

گورنر خیبر پختونخوا نے پولیس اہلکاروں اور شہداء کے خاندانوں کی مدد کے لیے بینکوں اور کارپوریٹ کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایت کر دی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے چند روز قبل خیبر پختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کا بھی اعلان کیا تھا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں گورنر کا کہنا تھا کہ شہداء پیکج کے تحت کانسٹیبل سے انسپکٹر تک معاوضہ ایک کروڑ 10 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔ ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہداء کا معاوضہ ایک کروڑ 60 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ گریڈ 18 اور19 کے شہداء کا معاوضہ دو کروڑ 10 لاکھ سے بڑھا کر تین کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے، گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے شہداء کا معاوضہ دو کروڑ10 لاکھ سے بڑھا کر ساڑھے تین کروڑ روپے کر دیا گیا۔

گورنر نے پولیس شہداء کے ورثاء کے لیے پلاٹ کی جگہ براہِ راست مالی معاونت کا اعلان بھی کیا تھا۔

انکا کہنا تھا کہ کانسٹیبل سے انسپکٹر تک شہداء کے ورثاء کو 5 مرلہ پلاٹ کی جگہ ایک کروڑ 80 لاکھ روپے دیے جائیں گے، ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہداء کے ورثاء کو رہائشی معاونت کے لیے ڈھائی کروڑ روپے دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گریڈ 18 اور 19 کے شہداء کے ورثاء کو 10 مرلہ پلاٹ کی جگہ ساڑھے تین کروڑ روپے مالی معاونت دی جائے گی، گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے پولیس شہداء کے ورثاء کو ایک کنال پلاٹ کی جگہ 7 کروڑ روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دورانِ ڈیوٹی زخمی اہلکاروں کا پیکج 1 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ جبکہ مستقل معذوری پر 50 لاکھ روپے دینے کی منظوری دی گئی ہے، اہلکاروں کے شریکِ حیات یا بچوں کی وفات پر 50 لاکھ اور والدین یا بہن بھائیوں کی وفات پر 30 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی، ‏شہداء کی بیٹیوں کی شادی کے لیے 10 لاکھ روپے بطور خصوصی تحفہ دیے جائیں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ شہداء کے خاندان ہمارا فخر ہیں، اور ان کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے لیے یہ ریلیف پیکج ان کی قربانیوں کا اعتراف ہے۔

ادھر، گزشتہ شب تھانہ حسن خیل کے پولیس پوسٹ سپینہ میلہ پر دہشت گردوں کے خلاف بہادری کے ساتھ بھرپور جوابی کارروائی کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکار محمد جلال کی نمازِ جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائنز پشاور میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

Load Next Story