دیامر بھاشا ڈیم کا 133 ارب روپے سے زائد کا ہائیڈرو مکینیکل کنٹریکٹ ایوارڈ کردیا گیا

معاہدے کے تحت ڈیم کے اہم آلات اور ہائیڈرالک اسٹیل اسٹرکچرز کی تیاری، فراہمی اور تنصیب کی جائے گی

دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا 133 ارب 18 کروڑ روپے مالیت کا ہائیڈرو مکینیکل کنٹریکٹ ایچ ایم ون ایوارڈ کردیا گیا۔

معاہدے کے تحت ڈیم کے اہم آلات اور ہائیڈرالک اسٹیل اسٹرکچرز کی تیاری، فراہمی اور تنصیب کی جائے گی۔ ایچ ایم ون کنٹریکٹ پاور چائنا اور آئیکان جوائنٹ وینچر کو ایوارڈ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے واپڈا کی جانب سے دیامر بھاشا ڈیم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر عارف علی اور جوائنٹ وینچر کی جانب سے مجاز نمائندے لنگ جیانکے نے کنٹریکٹ پر دستخط کیے ہیں۔

چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید (ریٹائرڈ) نے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔

ایچ ایم ون کنٹریکٹ میں دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے ہائیڈرو مکینیکل آلات اور ہائیڈرالک اسٹیل اسٹرکچرز شامل ہیں۔ معاہدے کے تحت ڈیم پر پانی کا بہاؤ کنٹرول کرنے کے لیے گیٹس اور اسٹیل اسٹرکچرز کی تیاری، فراہمی اور تنصیب کی جائے گی۔

یہ آلات فلشنگ ٹنلز، پاور ان ٹیک اور ڈیم ان لیٹ پر نصب کیے جائیں گے۔ اسٹیل لائننگ، ہوئسٹنگ سسٹمز، پمپنگ سسٹمز اور ان سے متصل الیکٹریکل ورکس بھی ایچ ایم ون کنٹریکٹ کا حصہ ہیں۔

دیامر بھاشا ڈیم پاکستان کی واٹر، فوڈ اور انرجی سکیورٹی کے لیے وفاقی حکومت کا ترجیحی منصوبہ ہے۔ یہ ڈیم چلاس شہر سے 40 کلومیٹر زیریں جانب دریائے سندھ پر تعمیر کیا جارہا ہے۔

دیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل پر 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا، جبکہ منصوبے سے 4 ہزار 500 میگاواٹ کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی بھی پیدا ہوگی۔

Load Next Story