گورنر راج کے بعد سے کچھ پتا نہیں وزیراعلیٰ کہاں ہیں، بیرسٹر گوہر

گورنر راج اور ایمرجنسی کے نام پر پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، پارلیمنٹ کے باہر گفتگو

فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ گورنر راج کے بعد سے وزیراعلیٰ کے پی کا کچھ پتہ نہیں جبکہ اس کی آڑ میں پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی نفاذ کے نام پر ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے گورنر راج لگایا ایمرجنسی نافذ کی جس کو ہم مسترد کرتے ہیں، دہشت گردی ختم ہونی چاہیے اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔

بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی نظر بندی میں 30 روز توسیع کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خانم غیر سیاسی ہیں مگر پھر بھی اُن کی نظر بندی میں 30 روز کی توسیع کی گئی، ہمارے بارہ اراکین قومی اسمبلی کو آپ نے رکھا ہوا ہے جبکہ ہمارے وزیر اعلیٰ کا کوئی پتا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سپورٹرز کو گرفتار کیا جا رہا جبکہ چھاپے مارے جا رہے ہیں اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں پارٹی کے جھنڈے اتارے جا رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سہیل آفریدی کو ذمہ داری دی تھی، میرے خیال  میں انہوں نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔

متعلقہ

Load Next Story