نورین نیازی سمیت بانی کی تمام بہنوں کو فوری رہا کیا جائے، علی امین گنڈا پور
سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کی طبیعت ناسازی اور اسپتال منتقلی کو تشویشناک قرار دیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور کا قائد عمران خان کی بہن نورین نیازی کی طبیعت ناسازی کی خبر پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ نورین نیازی کی طبیعت ناسازی کی خبر تشویشناک ہے، انہیں فوری طور پر بہترین طبی سہولت فراہم کرنی چاہیے، وہ بے قصور ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ کچھ دیر قبل یپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن نورین نیازی کو طبیعت خراب ہونے پر کوٹ لکھپت جیل سے پنجاب کارڈیالوجی منتقل کیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کے وکیل رانا مدثر عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین خان نیازی کوطبیعت میں خرابی کی شکایت پر پنجاب کارڈیالوجی منتقل کیا گیا۔
ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق نورین نیازی کو کوٹ لکھپت جیل سے پنجاب کارڈیالوجی منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کے چند بلڈ ٹیسٹ کروائے جا رہے ہیں۔ رانا مدثر عمر نے الزام عائد کیا کہ نورین نیازی کو کوٹ لکھپت جیل میں سہولیات کے شدید فقدان کا سامنا ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا تھا کہ نورین نیازی پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اسپتال کے اسٹرکچرل ہارٹ ڈیزیز کے شعبے میں پرائیویٹ روم میں زیر علاج ہیں۔ رانا مدثر عمر نے کہا کہ 70 سالہ نورین نیازی غیرقانونی طور پر نظربند ہیں اور ان کی اسپتال منتقلی کے حوالے سے خاندان کے کسی رکن کو آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔