پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن نورین نیازی کو طبیعت خراب ہونے پر کوٹ لکھپت جیل سے پنجاب کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کے وکیل رانا مدثر عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین خان نیازی کوطبیعت میں خرابی کی شکایت پر پنجاب کارڈیالوجی منتقل کیا گیا۔
ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق نورین نیازی کو کوٹ لکھپت جیل سے پنجاب کارڈیالوجی منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کے چند بلڈ ٹیسٹ کروائے جا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما رانا مدثر عمر نے الزام عائد کیا کہ نورین نیازی کو کوٹ لکھپت جیل میں سہولیات کے شدید فقدان کا سامنا ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا تھا کہ نورین نیازی پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اسپتال کے اسٹرکچرل ہارٹ ڈیزیز کے شعبے میں پرائیویٹ روم میں زیر علاج ہیں۔
رانا مدثر عمر نے کہا کہ 70 سالہ نورین نیازی غیرقانونی طور پر نظربند ہیں اور ان کی اسپتال منتقلی کے حوالے سے خاندان کے کسی رکن کو آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔

ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان کا ردعمل
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان حسین احمد یوسفزئی نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 70 سالہ بہن نورین نیازی کو طبیعت خرابی پر جیل منتقل کرنے کے حوالے سے ردعمل میں کہا کہ نورزین نیازی کو جیل میں اچانک طبیعت خراب ہونے اور انہیں انتہائی رازداری کے ساتھ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیے جانے پر شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی میدان میں شکست سے دوچار یہ مسلط کردہ اور کٹھ پتلی حکومت اب انتقام کی گھناؤنی سیاست پر اتر آئی ہے، جو عمران خان کی غیر سیاسی اور گھریلو بہنوں کو نشانہ بنا کر اخلاقی اور انسانی اقدار کی ہر حد پار کر رہی ہے، عمر رسیدہ خاتون کو سخت تکلیف میں رکھنے اور پھر ان کی حالت بگڑنے اور انہیں اسپتال منتقل کرنے کے باوجود ان کے اہل خانہ یا قانونی ٹیم کو اطلاع تک نہیں دی گئی، جو کہ انسانیت اور قانون دونوں کی کھلم کھلا دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔
ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کہا کہ نورین نیازی سمیت تینوں بہنوں اور کزن قاسم زمان خان تک ان کے خاندان اور وکلا کو فی الفور رسائی دی جائے اور عمران خان کی تینوں بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کے ساتھ ساتھ ان کے کزن قاسم زمان خان کو بھی فوری طور پر رہا کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر نورین نیازی یا کسی بھی اسیر کی صحت کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری اس ظالم حکومتی ٹولے اور جیل انتظامیہ پر عائد ہوگی۔