بھارتی جارحیت پر حکمت عملی طے کرنے کے لئے قومی سلامتی کا اجلاس آج ہوگا

اجلاس میں دفاع،داخلہ،خزانہ اوراطلاعات کےوزرا،چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی،تینوں مسلح افواج کےسربراہ شرکت کریں گے

وزیراعظم نوازشریف قومی سلامی کے اجلاس کی سربراہی کریں گے،فوٹو:فائل

وزیراعظم نوازشریف کی سربراہی میں سرحد پرمسلسل بھارتی جارحیت پرغوراوراس حوالے سے حکمت عملی طے کرنے کے لئے قومی سلامتی کونسل کا مشاورتی اجلاس آج ہوگا۔


ایکسپریس نیوز کےمطابق وزیراعظم نوازشریف نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل بھارتی جارحیت اور بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی پرقومی سلامتی کونسل کا مشاورتی اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کرلیا ہے جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات پرویز رشید ، مشیر قومی سلامتی و امور خارجہ سرتاج عزیز ، چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمدذکااللہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ شرکت کریں گے، اجلاس کے شرکا کو دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ''ضرب عضب'' پر پیش رفت اور اس میں پاک فوج کی کامیابیوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے ورکنگ باؤنڈری اور کنٹرول لائن پر بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث اب تک ورکنگ باؤنڈی پر13 پاکستانی شہری شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ چناب رینجرزاور پاک فوج کی جانب سے بھارتی فورسز کو بھرپور جواب دیا جارہا ہے۔
Load Next Story