کتے انسانی زبان ہی نہیں بلکہ جذبات کو بھی سمجھتے ہیں، تحقیق

ویب ڈیسک  بدھ 3 دسمبر 2014
کئے گئے تجربات سے ثابت ہوا کہ کتا مالک کی بات جذبات کے ساتھ ہی سمجھ پاتا ہے،تحقیق کار فوٹو:فائل

کئے گئے تجربات سے ثابت ہوا کہ کتا مالک کی بات جذبات کے ساتھ ہی سمجھ پاتا ہے،تحقیق کار فوٹو:فائل

لندن: کتا اپنے مالک کے حکم پر عمل کرکے جس طرح وفا داری کا مظاہرہ کرتا ہے اس پر تحقیقات کرکے یہ جاننے کی کوشش کی گئی  کہ یہ جانور کس حد تک انسانی الفاظ کو سمجھ سکتا ہے اور اس سلسلے میں کی گئی نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کتا نہ صرف اپنے مالک کی زبان بلکہ جذبات بھی سمجھتا ہے۔

برطانیہ میں کی گئی نئی تحقیق میں بتایا گیا  ہے کہ کتا نہ صرف اپنے مالک کی بات کو سمجھ لیتا ہے بلکہ اس کے پیچھے جذبات کوبھی جان لیتا ہے تاہم ابھی اس بات پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ وہ ان جذبات کومکمل طور پر جان لیتا ہے یا پھر اپنی توجہ مالک کی بات کی طرف دینا شروع کردیتا ہے، یونیورسٹی آف سسیکس کے نفسیات کے ماہر وکٹوریا ریٹ کلف کا کہنا ہے کہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کتے اپنے مالک کے جذبات کو کسی حد تک جان لیتے ہیں تاہم یہ جاننے کے لیے ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ کتے چند مخصوص جذبات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہیں یا پھر اپنے مالک کے ہر انداز کو سمجھ لیتے ہیں۔

پروفیسر ریٹ کلف نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ  مختلف النسل کتوں کو  لیبارٹری  کے ایک کمرے میں بند کر کے ان کے سر پر اسپیکرز لگادیئے۔ کتا دائیں طرف سے سنی جانے والی آواز کو اپنے دماغ کے بائیں ہیمسفیر پر سمجھنے کی کوشش کرتا ہے اور یہی ہیمسفیر آوازوں کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جب کہ دایاں ہیمسفیئر جذبات کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ انسان بھی زبان کو سمجھنے کے لیے بائیں اور جذبات کو جاننے کے لیے دائیں ہیمسفیئر کا استعمال کرتا ہے،  ٹرائل کے دوران کتوں کو مالک کے پیغام کی ویڈیو دکھا ئی گئی لیکن اس سے جذبات کا عنصر نکل دیا گیا جس پر کتا اس پیغام کو نہ سمجھ سکا اسی طرح دوسری بار اس پیغام میں جذبات کو تو شامل کیا گیا لیکن آواز ختم کردی گئی تب بھی کتا مالک کا پیغام نہ سمجھ سکا۔ انہی تجربات سے  ثابت ہوا کہ کتا اپنے مالک کی بات جذبات کے ساتھ ہی سمجھ پاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔