سانحہ ماڈل ٹاؤن کے گواہان کی طلبی کے لیے اشتہار دینے کا فیصلہ

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے گواہان کو بیان قلمبند کرانے کیلئے 4 مرتبہ طلب کرنے کے باوجود گواہ پیش نہ ہوئے

گواہان کے پیش نہ ہونے کی صورت میں یکطرفہ کارروائی کی جائے گی، فوٹو: ایکسپریس/فائل

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لئے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے گواہان کی طلبی کے لئے اشتہار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بیانات قلمبند کرانے کے لئے گواہان کو 4 مرتبہ طلب کرچکی ہے لیکن گواہان کے پیش نہ ہونے کے باعث اب ٹیم نے ان کی طلبی کے لیے اشتہار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت گواہان کی طلبی کا نوٹس اخبارات میں شائع کرایا جائے گا اور اس کے باوجود ان کے پیش نہ ہونے کی صورت میں کیس میں یکطرفہ کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں 17 جون کو عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ کے باہر سے بیریئر ہٹانے کے معاملے پر پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوئے تھے جبکہ عوامی تحریک نے سی سی پی او کوئٹہ رزاق چیمہ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی تحقیقاتی ٹیم کو مسترد کرتے ہوئے اس کے سامنے کسی بھی قسم کی شہادت نہ دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔
Load Next Story