پرویز مشرف نے ساتھیوں کی مشاورت سے ملک میں ایمرجنسی لگائی الطاف حسین

آئین شکنی کے جرم میں صرف ایک شخص کو گرفتار کیا گیا، پاکستان آکر آرٹیکل 6 سے متعلق مقدمہ لڑوں گا، قائد ایم کیو ایم


ویب ڈیسک December 06, 2014
ہمارے یہاں ہر کسی کو دیگر قوتوں کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ بھی سپورٹ کردیتی ہے لیکن اسٹیبلشمنٹ والے مجھ سے گھبراتے ہیں، الطاف حسین فوٹو: فائل

ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے ساتھیوں کی مشاورت سے ملک میں ایمرجنسی لگائی لیکن آئین شکنی کے جرم میں گرفتار صرف ایک شخص کو ہی کیا گیا۔

حیدر آباد میں ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے ساتھیوں کی مشاورت سے ملک میں ایمرجنسی لگائی لیکن آئین توڑنے کے جرم میں گرفتار صرف ایک شخص کو کیا گیا جبکہ ملک میں اس وقت آرٹیکل 6 کا ملک میں بڑا چرچا ہے، پاکستان آکر اس سے متعلق مقدمہ لڑوں گا جس میں اگر میں صرف پرویز مشرف کو مجرم قرار دینے کا فیصلہ غلط ثابت نہ کر پایا تو سزا بھگتنے کو تیار ہوں اور اگر فیصلہ میرے حق میں ہوا تو پھر ان سب کو آرٹیکل 6 کے تحت سزا دلوائیں گے جنہوں نے سابق صدر کو ایمرجنسی لگانے کا مشورہ دیا۔

الطاف حسین نے کہا کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کے لیے صرف میں نے آواز بلند کی اور کسی نے اس کے قیام کے لیے احتجاج نہیں کیا اور جب حیدر آباد میں یونیورسٹی بنانے کے لئے آواز اٹھائی تو سابق وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ وہ یونیورسٹی نہیں بننے دیں گے جس پر وزیر اعظم اور سپریم کورٹ نے ان کے متعصبانہ الفاظ کا ازخود نوٹس نہیں لیا کیونکہ دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوا ہوگا کہ کسی وزیر تعلیم نے ایسا بیان دیا ہو اگر کسی اور ملک کا وزیر تعلیم ایسا بیان دیتا تو اسے سزا ملتی۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے لیے زمین مختص کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے شکر گزار ہیں۔

قائد ایم کیوایم کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں ہر کسی کو دیگر قوتوں کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ بھی سپورٹ کردیتی ہے لیکن اسٹیبلشمنٹ والے مجھ سے گھبراتے ہیں کیونکہ میں جو کہتا ہوں کردیتا ہوں۔ الطاف حسین نےکہا کہ ایم کیو ایم اقتدار میں آئی تو لوٹی ہوئی دولت کی ایک ایک پائی کھینچ لائیں گے، جس نے قرضہ واپس نہ کیا یا جس کے پاس دولت نہیں تھی اور وہ مالا مال ہوگیا انہیں جیل بھیجوائیں گے جبکہ جاگیرداروں کی جائیدادیں بیچ کر انہیں جھونپڑیوں میں رکھیں گے اور ان کے محلوں کو یونیورسٹیوں میں تبدیل کردیں گے۔

الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ووٹر پر دہری شہریت کی پابندی ختم کی جائے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ دینے اور انتخاب لڑنے کا بھی حق دیا جائے۔

مقبول خبریں