سندھ سے نکلنے والی گیس پر سب سے پہلا حق اس کے عوام کا ہے مرادعلی شاہ

آئین کے تحت ہی پنجاب کو گیس بند کرنے کی بات کی تھی، وزیر خزانہ سندھ

پیپلز پارٹی پاکستان اسٹیل ملز اور پی آئی اے جیسے اداروں کی نجکاری کے خلاف ہے، مراد علی شاہ فوٹو: فائل

وزیرخزانہ سندھ مراد علی شاہ کہتے ہیں کہ آئین کے تحت سندھ سے نکلنے والی گیس پر سب سے پہلا حق اس کا اپنا ہے اور اگر کوئی آئین پر عمل کرنے کی وجہ سے ان پر غداری کا مقدمہ دائر کرتا ہے تو وہ اپنا شوق پورا کرے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان اسٹیل ملز اور پی آئی اے جیسے اداروں کی نجکاری کے خلاف ہے، سندھ حکومت کی جانب سے پاکستان اسٹیل ملز کی خریداری ان کے علم میں نہیں، سندھ حکومت نے وفاق کو پاکستان اسٹیل ملز کے لئے زمین دی تھی، اگر اس کی نجکاری کی گئی تو اس کی الاٹمنٹ منسوخ کردی جائے گی۔


مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت آئین کے تحت گیس کی بلا تعطل فراہمی چاہتی ہے، آئین کے آرٹیکل158 کے تحت گیس پر سب سے پہلے اس صوبے کا حق ہے جہاں سے وہ پیدا ہورہی ہے، انہوں نے آئین کے اس آرٹیکل کے تحت ہی پنجاب کو گیس بند کرنے کی بات کی تھی اگر کوئی آئین پر عمل کرنے کی وجہ سے ان پر غداری کا مقدمہ دائر کرتا ہے تو وہ اپنا شوق پورا کرے۔

نیپرا رپورٹ پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزارت بجلی و پانی ہوش کے ناخن لے، لوگوں کو بجلی کی فراہمی میں ناکام ہوگئی ہے، صارفین کو زیادہ بل بھیجے جارہے ہیں۔ وزارت بجلی و پانی حیسکو اور سیپکو صارفین سے اصل واجبات سے زیادہ وصول کئے گئے پیسوں کا حساب دے۔
Load Next Story