خوبصورت آوازنے جارجیا کی خاتون قیدی کو رہائی دلوادی

ویب ڈیسک  جمعـء 25 دسمبر 2015
گلوکاری کے مقابلے میں گانا گانے والی خاتون قیدی کی آواز سے متاثر ہوکر وزیرجیل سے اس کی رہائی کا اعلان کردیا، 
فوٹو بی بی سی

گلوکاری کے مقابلے میں گانا گانے والی خاتون قیدی کی آواز سے متاثر ہوکر وزیرجیل سے اس کی رہائی کا اعلان کردیا، فوٹو بی بی سی

جارجیا: کہتے ہیں جب قسمت کی دیوی مہربان ہوتی ہے تو انسان کو ایسے طریقوں سے مدد مل جاتی ہے جو اس کے تصورمیں بھی نہیں ہوتا ایسا ہی کچھ ہوا جارجیا میں جہاں ایک قیدی خاتون گلوکارہ نے گلوکاری کے مقابلے میں حصہ لیا اور اپنی آواز کا ایسا جادو جگایا کہ انہیں رہا کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 2012 میں اسلحہ کی چوری کے الزام میں گرفتار خاتون جیل کی سلاخوں کے پیچھے زندگی گزاررہی تھی اور ابھی اس کی سزا کے کچھ سال باقی تھی کہ ملک میں وائس آف جارجیا کے نام سے گانوں کے مقابلے کا اعلان کیا گیا اور خاتون نے فیصلہ کیا کہ وہ اس مقابلے میں حصہ لے گی جب کہ حکام نے اسے مقابلے میں حصہ لینے کی اجازت بھی دے دی۔ جارجیا کے ایک نجی ٹی وی نے اس مقابلے کو براہ راست دکھایا جس میں خاتون قیدی نے گانا گر کراپنی آواز کا ایسا جادو جگایا کہ لوگوں نے اسے خوب داد دی لیکن وزیر جیل تو اتنا متاثر ہوئے کہ انہوں اسی وقت اسٹیج پر آکر خاتون قیدی کی ضمانت پر رہائی کا اعلان کردیا۔

وزیر کا اعلان سنتے ہی خاتون اپنے خوشی کے آنسو نہ روک سکی اور کہا کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک نئی زندگی کا آغاز کریں گی۔ وزیر جیل کا کہنا تھا کہ جیل حکام کافی عرصے سے خاتون کے رویے کو مانیٹر کر رہے تھے اوراب پے رول بورڈ نے انہیں رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ انہوں نے اس ٹی وی شو کا بھی شکریہ ادا کیا جس کی بدولت ایک گلوکارہ دوبارہ معاشرے کا حصہ بن گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔