مائی کراچی نمائش7 لاکھ سے زائدافرادنے دیکھی

ایکسپریس اردو  جمعرات 19 جولائی 2012
بھارت،انڈونیشیا،سری لنکا،ویتنام کے20سے زائدنمائش کنندگان نے بھی شرکت کی. فوٹو محمد جاوےد

بھارت،انڈونیشیا،سری لنکا،ویتنام کے20سے زائدنمائش کنندگان نے بھی شرکت کی. فوٹو محمد جاوےد

کراچی: سندھ بورڈ آف انویسٹمینٹ کے چیئرمین اور بزنس مین گروپ کے وائس چیئرمین زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ مائی کراچی نمائش میں 3 روز کے دوران 7 لاکھ سے زائد افراد نے اپنی آمد سے اس نمائش کو ایک مرتبہ پھر شاندارکامیابی سے ہمکنار کردیا، نمائش میں بھارت، انڈونیشیا، سری لنکا اور ویت نام کے 20 سے زائدنمائش کنندگان شریک ہوئے، ان میں بھارتی پویلین میں 8 برانڈز ’’وینس لائف اسٹائل، ٹاٹا اسٹائل ودیگر بھی شامل تھے۔

انھوں نے کہا کہ مائی کراچی نمائش نہ صرف کراچی کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلیے مرتب کیے گئے ایونٹس پر مشتمل ہے بلکہ یہ شہر کے تقریباً 2کروڑ پرامن شہریوں کی حقیقی نمائندگی بھی کرتی ہے، مائی کراچی نمائش کے تسلسل سے انعقاد اور نمائش میں مقامی وغیرملکی کمپنیوں کی شمولیت میں اضافے سے ثابت ہوگیا کہ مائی کراچی نمائش نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی افادیت کا لوہا منوالیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سندھ بورڈ آف انویسٹمینٹ صوبہ سند ھ میں عمومی اور کراچی بالخصوص سرمایہ کاری کوفروغ دینے کیلیے بین الاقوامی سرمایہ کارگروپس اورانفرادی بنیادوں پر غیرملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی جدوجہد کررہا ہے، ان غیر ملکیوں کو پاکستانی حکومت کی سرمایہ کاردوست اور ترغیباتی پالسیوں سے آگاہ کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ3 روزہ مائی کراچی نمائش کے دوران کراچی کے لاکھوں شہریوں کے علاوہ وفاقی وزیر برائے سمند ر پار پاکستانی ڈاکٹر فاروق ستار، قائم مقام اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا، رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور نے نمائش کا دورہ کیا،

سفارتی حلقوں سے بھی نمائش کو بھرپور رسپانس ملا، ترک قونصل جنرلMurat M. Onart ، جاپانی قونصل جنرل Masaharum Sato، انڈونیشی قونصل جنرل Rossalis Rusman Adenan، ڈپٹی ہائی کمشنر بنگلہ دیش رئوف عالم صدیقی، ویت نام کے کمرشل قونصلر Nguyen Hong Tienکے علاوہ روس، فرانس، کوریا،سری لنکا اور افغانستان کے سفارت کاروں نے بھی نمائش میں شرکت کی، ان سب نے کراچی چیمبر کے عہدیداروں اور قائدین کو اس نمائش کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔