کاربن ڈائی آکسائیڈ سے بجلی بنانے والا انتہائی چھوٹا ٹربائن تیار

ٹربائن ایک چھوٹی سی میز پر سماکر ایک قصبے کے 10 ہزار گھروں کو بجلی فراہم کرسکتا ہے۔

ٹربائن ایک چھوٹی سی میز پر سماکر ایک قصبے کے 10 ہزار گھروں کو بجلی فراہم کرسکتا ہے۔ فوٹو: بشکریہ جنرل الیکٹرک کمپنی

بجلی کی تیاری اور انجینیئرنگ سے وابستہ مشہور کمپنی جنرل الیکٹرک کے گلوبل ریسرچ ڈپارٹمنٹ نے ایک میز پر سمانے والا ٹربائن تیار کیا ہے جو کاربن ڈائی آکسائیڈ سے بجلی بناکر 10 ہزار گھرانوں کو روشنی فراہم کرسکتا ہے۔

میسا چیوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے مطابق ٹربائن، سپر کریٹکل کاربن ڈائی آکسائیڈ سے چلتا ہے جسے 700 درجے سینٹی گریڈ کے درجہ حرارت پر بلند دباؤ کے تحت چلایا جاتا ہے۔ اس طرح اندر جانے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ مائع اور گیس کے درمیان رہ کر باکفایت انداز میں بجلی بنائی جاتی ہے یعنی یہ 50 فیصد حرارت کو بجلی میں بدل دیتا ہے۔ اس کے لیے کمپنیوں سے فالتو گیس لے کر اس سے صاف اور مؤثر بجلی بنائی جاسکے گی۔


توقع ہے کہ اس سے دنیا میں توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کو کم کرنے میں بہت مدد ملے گی۔ لیکن اس ٹربائن کو گھمانے کے لیے بھاپ کی بجائے کاربن ڈائی آکسائیڈ کو استعمال کیا جائے گا۔ اسے بنانے والے انجینئر کے مطابق دنیا کو صاف اور ارزاں توانائی کی ضرورت ہے اور یہ ٹربائن اس مسئلے کا مؤثر حل ہے۔

انجینئر کے مطابق توانائی بنانے کے دوران حرارت پیدا ہوتی ہے خواہ وہ شمسی توانائی ہو یا نیوکلیائی توانائی، ان میں بہت حرارت پیدا ہوتی ہے ۔ اس اضافی حرارت سے نمکیات کو پگھلا کر کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس کو سپر کریٹکل لکویڈ میں بدلا جاسکتا ہے۔ جی ای کے ٹربائن میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کا چکر مسلسل چلتا رہتا ہے۔ اس ڈیزائن سے 10 ہزار کلوواٹ بجلی بنائی جاسکتی ہے اور اسے بڑے پیمانے پر تیار کرکے مزید 500 میگا واٹ بجلی تیار کی جاسکتی ہے جو ایک شہر کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔
Load Next Story