کامیڈی سے لطف اندوز ہوتی ہوں لیکن سنجیدہ کردار زیادہ پسند ہیں، صوفیہ مرزا

جاوید یوسف  بدھ 1 جون 2016
فنکار پروجیکٹ میں اپنے کردار کی  نوعیت  دیکھ کر کام کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے، صوفیہ مرزا فوٹو: فائل

فنکار پروجیکٹ میں اپنے کردار کی نوعیت دیکھ کر کام کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے، صوفیہ مرزا فوٹو: فائل

 لاہور: ملک کی معروف ماڈل اور اداکارہ صوفیہ مرزا کہتی ہیں کہ وہ کامیڈی سے لطف اندوز ہوتی ہیں مگر انہیں ذاتی طور پر سنجیدہ رول پسند ہیں۔

ایکسپریس کو انٹرویو دیتے ہوئے صوفیہ مرزا کا کہنا تھا نیگٹیو اور پازیٹو سے کوئی فرق نہیں پڑتا ، فنکار پروجیکٹ میں اپنے کردار کی  نوعیت  دیکھ کر کام کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے ۔ پوری دنیا  فلم اور ٹی وی  کے ذریعے مثبت انداز سے کام لے رہی ہے ، ہمسایہ ملک بھارت اپنی فلم اور ٹی وی ڈراموں کے ذریعے اپنی ثقافت کے ساتھ خود کو ایک پرامن ملک کے طور پر پیش کر رہا ہے حالانکہ وہاں پرہندو انتہا پسندی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ ہمیں بھی اپنی فلموں اور ڈراموں کے ذریعے خوبصورت ثقافت اور سو فٹ امیج کو اجاگر کرنا چاہیے مگر ہمارے ہاں بڑے حقائق کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہی نہیں ہیں۔

صوفیہ مرزا نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمارے فلم اور ٹی وی میکرز کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمے داریوں کا احساس کرتے ہوئے سول سوسائٹی کے مسائل کے ساتھ دنیا کو بتائیں کہ ہم پرامن قوم ہیں۔ بالی وڈ  میں  حساس اورنازک موضوعات پر فلمیں بنائی جارہی ہیں مگر انھیں کسی قسم کی پریشانی یا دباؤ کا سامنا نہیں کرنا پڑتا ۔ ہمیں  سوسائٹی میں پائی جانے والی خامیوں کو سامنے لانے والے پروڈیوسرز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ طویل عرصہ بعد ہماری فلم انڈسٹری دوبارہ سے اپنی ساکھ بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس میں نئے فلم میکر کا بڑا ہاتھ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔