میرے لیے معیار اہم ہے؛ بالی ووڈ ہو یا ہالی ووڈ مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، نیلم منیر

جاوید یوسف  پير 27 جون 2016
اسٹیلائٹس اورسوشل میڈیا کے دورمیں پہچان بناناآسان نہیں،فلم ’’چھپن چھپائی‘‘کیرئیر کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہوگی   فوٹو : فائل

اسٹیلائٹس اورسوشل میڈیا کے دورمیں پہچان بناناآسان نہیں،فلم ’’چھپن چھپائی‘‘کیرئیر کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہوگی فوٹو : فائل

 لاہور: اداکارہ نیلم منیر کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ ہو یا ہالی وڈ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ، میرے لیے معیار زیادہ اہمیت رکھتا ہے ۔

اداکارہ نیلم منیر کا کہنا ہے خوش قسمت ہوں کہ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر چیلجنگ کرداروں کے لیے میرا انتخاب کرتے ہیں، ’’چھپن چھپائی‘‘  میں ایک نٹ کھٹ لڑکی کا رول کرکے لطف اندوز ہورہی ہوں۔ ان خیالات کا اظہار معروف ماڈل واداکارہ نیلم منیر نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ٹی وی کی طرح فلم میڈیم میںبھی کچھ ہٹ کر ہی کرنا چاہتی تھی اسی لیے جتنی بھی فلموں کی آفرز ہوئیں اس کا اسکرپٹ اور کردار پسند نہیں آرہا تھا ،مگر محسن علی نے جب فلم ’’چھپن چھپائی‘‘ کی آفر لے کر آئے، جب انھوں نے اسکرپٹ اور میرے کردار کے بارے میں بتایا تو انکار نہ کرسکی۔

اداکارہ نیلم منیر کا کہنا ہے کہ مجھے بالی ووڈ کے پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز نے رابطہ کرتے ہوئے اسکرپٹس بھی بجھوائے،جن کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ اسٹیلائٹیس چینلز اور سوشل میڈیا کے اس دور میں اپنی پہچان بنانا کوئی آسان کام نہیں، اس کے لیے آپ  بہترین پرفارمنس کے ساتھ معیار کو برقرار رکھنا ہوتا ہے۔  جس طرح سے ہماری ٹی وی اور فیشن انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ اسی طرح ہماری فلمیںبھی بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی نمائش ہونے لگی ہیں۔ اس لیے ٹی وی کی طرح فلم کے حوالے سے بھی جلد بازی میں فیصلہ نہیں کرنا چاہ رہی تھی، ’’چھپن چھپائی‘‘  میرے فلمی کیرئیر کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فن ایک سمندر کی طرح ہیں جہاں روزانہ آپ کچھ نہ کچھ سیکھ ہی رہے ہوتے ہیں ۔ اپنے ہر نئے پراجیکٹ پر پہلے سے زیادہ محنت کرتی ہوں، کیونکہ ہمارا مقابلہ بہت سخت ہوگیا ہے،ٹی وی ناظرین صرف وہی پروگرام یا ڈرامہ دیکھنا پسند کریں گے جس میں ان کو انٹرٹین کرنے کے لیے کچھ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔