ماورا حسین جلد سماجی مسئلے پر بننے والے ڈرامے ’’سمی‘‘ میں جلوہ گر ہوں گی

نمرہ ملک  جمعرات 6 اکتوبر 2016
ماورا بہت جلد ٹی وی ڈرامہ ”سمی“ کے ذریعہ چھوٹے پردے پر واپسی کرنے والی ہیں، مینیجر ماورا حسین، فوٹو؛ فائل

ماورا بہت جلد ٹی وی ڈرامہ ”سمی“ کے ذریعہ چھوٹے پردے پر واپسی کرنے والی ہیں، مینیجر ماورا حسین، فوٹو؛ فائل

 کراچی: عروہ حسین کا حال ہی میں ختم ہونے والا ڈرامہ سیریل ”اُداری“ کی مقبولیت کے بعد اب ماورا حسین بھی بہت جلد سماجی مسئلہ پر مبنی ڈرامہ ”سمی“ میں اداکاری کرتی نظر آئیں گی۔

ماورا حسین پاکستانی ڈراموں کی کامیاب اداکارہ ہیں جنہوں نے بے حدکم عرصے میں مختلف کردار ادا کرکے خود کی ایک شناخت بنائی ہے۔ رواں سال انہوں نے بالی ووڈ میں بھی اپنی فلم”صنم تیری قسم“ کے ساتھ ڈیبیو کیا، ان کی فلم باکس آفس پر زیادہ نہ چل سکی لیکن ان کی اداکاری کو کافی سراہا گیا۔

ماورا حسین کے مینجر حسن چوہدری نے بتایا ہے کہ ماورا بہت جلد ٹی وی ڈرامہ ”سمی“ کے ذریعہ چھوٹے پردے پر واپسی کرنے والی ہیں، ڈرامہ میں وہ مرکزی کردار ادا کریں گی، ڈرامہ کی شوٹنگ اسی ہفتہ سے شروع ہونے والی ہے، یہ ڈرامہ جان ہوپکنز کے اشتراک سے بن رہا ہے جس کی مزید معلومات وقت کے ساتھ جاری کریں گے۔ ماورا حسین آج کل پاک بھارت کشیدگی کے باعث شہ سرخی میں جگہ بنائے ہوئے ہیں جس کی بنیادی وجہ بھارتی ہدایت کار ابھیشیک جواکر کا بھارتی میڈیا کو جاری کردہ بیان ہے کہ وہ ماورا حسین کو اپنی آنے والی فلم”Not A Prostitue “ کے لیے کاسٹ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے لیکن پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں وہ اب انہیں کاسٹ نہیں کریں گے۔

ماورا کے مینجر حسن چوہدری کا کہنا ہے کہ ارادہ رکھنا اور کاسٹ کرنا دو الگ باتیں ہیں، یہ بے بنیاد خبر ہے کہ ماورا کے ہاتھ سے بھارتی فلم نکل گئی کیونکہ فلم تب نکلتی اگر وہ سائن کرتیں، اگر اسے بھارتی ہدایت کارکا سستی شہرت حاصل کرنے کا طریقہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کیونکہ ان کے کریڈٹ پر کوئی خاص فلم نہیں ہے بلکہ بطور ہدایت کار انہوں نے اس سال فلم”مسنگ اون و ویکینڈ“ سے ڈیبیو کیا ہے جبکہ ماورا حسین ، پاکستانی ڈرامہ اندسٹری کا جگمگاتا ستارہ ہیں جن کا شمار صف اول کی پاکستانی اداکاروں کی فہرست میں ہوتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔