نور جہاں کو ٹربیوٹ، مسکان جے نے میوزک ویڈیو میں ارشد خان ’’چائے والا‘‘ کو سائن کرلیا

قیصر افتخار  جمعرات 22 دسمبر 2016
ارشد خان کم گو ضرور مگر اس میں اداکاری کے جراثیم ہیں، میوزک البم نئے سال کے موقع پر ریلیز کیا  جائے گا، مسکان جے۔ فوٹو: فائل

ارشد خان کم گو ضرور مگر اس میں اداکاری کے جراثیم ہیں، میوزک البم نئے سال کے موقع پر ریلیز کیا  جائے گا، مسکان جے۔ فوٹو: فائل

لاہور: معروف گلوکارہ مسکان جے نے نئے سال کے موقع پرملکہ ترنم نورجہاں کوٹریبیوٹ پیش کرنے کے لیے بننے والے اپنے میوزک وڈیو میں ارشد خان العمروف چائے والا کوبطورماڈل سائن کرلیا۔

اسلام آباد اورمری کی خوبصورت لوکیشن پرشوٹ کیے جانے والے اس وڈیومیں جہاں مسکان جے، مقبول پنجابی گیت ’’بے پروائی‘‘ کوپیش کرینگی، وہیں ان کے ساتھ ارشد خان ایکٹنگ کے جوہر دکھائیں گے۔ واضح رہے کہ یہ گیت نئے سال کے موقع پرتمام پاکستانی چینلز سے آن ائیر کیا جائے گا۔

اس سلسلہ میں ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے مسکان جے کا کہنا تھا کہ ملکہ ترنم نورجہاں ہمارے ملک کی عظیم گلوکارہ تھیں۔ ان کے گیت، غزلیں اورملی نغموں کوغورسے سن کرہی نوجوان گلوکاربہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ میں جہاں میڈم نورجہاں کی بہت بڑی مداح ہوں، وہیں ان کو اپنی استاد بھی مانتی ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے نئے سال کے موقع پراپنے چاہنے والوں تحفہ پیش کرنے کے لیے ایک ایسے گیت کا انتخاب کیا ہے، جوپہلے ہی بے حد مقبول ہے لیکن ہم نے اس گیت کی کمپوزیشن اورمیوزک ارینجمنٹ میں دورحاضر کے مطابق کچھ مثب تبدیلیاں کرنے کے بعد مقامی اسٹوڈیو میں ریکارڈ کیا تھا۔

اس گیت کوجب میوزک حلقوں میں سنایاگیا توزبردست رسپانس سامنے آیا۔ اسی لیے میں نے اس وڈیو کوبنانے کے لیے کثیرسرمایہ خرچ کرنے کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پرراتوں رات شہرت کی بلندیوں کوچھونے والے ارشد خان چائے والا کوبطورماڈل سائن کیا۔ وہ کم گو ضرور ہے لیکن اس میں ایکٹنگ کے جراثیم موجود تھے۔

یہی وجہ ہے کہ جب ہم نے وڈیو شوٹ کرنے کے لیے اسے کیمرے کی آنکھ میں آنکھیں ڈالنے کوکہا تو وہ بالکل نہ گھبرایا اورسینئرز کی رہنمائی کے ساتھ بہترین کام کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس گیت کولانچ کرنے سے پہلے ہم لاہورمیں رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کرینگے،  بلکہ اس موقع کو یادگاربنانے کے لیے پرفارمنس کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ اس موقع پرمیری اورارشد خان چائے والا کی پرفارمنس بھی متوقع ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔