امریکی وزیر تعلیم کی نامزدگی کے لئے نائب صدر کا تاریخی ووٹ

ویب ڈیسک  بدھ 8 فروری 2017
امریکی آئین کے مطابق اگر ایوان رائے شماری میں منقسم ہو تو نائب صدر ووٹنگ میں حصہ لے سکتا ہے۔ فوٹو: رائٹرز

امریکی آئین کے مطابق اگر ایوان رائے شماری میں منقسم ہو تو نائب صدر ووٹنگ میں حصہ لے سکتا ہے۔ فوٹو: رائٹرز

واشنگٹن: امریکا میں وزیر تعلیم کی نامزدگی کے دوران ووٹ برابر ہونے پر دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نامزد کردہ بیٹسی ڈیووس کے نام کی توثیق کے لئے نائب صدر مائیک پینس کو تاریخی ووٹ ڈالنا پڑا۔

امریکی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی سینیٹ میں وزیر تعلیم کے طور پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نامزد کردہ بیٹسی ڈیووس کےنام کی توثیق کی جانا تھی لیکن ووٹنگ کے دوران اس وقت انتہائی دلچسپ صورت حال پیدا ہو گئی جب ری پبلکن جماعت کے دو امیدواروں نے بھی بیٹسی ڈیووس کی مخالفت میں ووٹ ڈالا تو وزیر تعلیم کی حمایت اور مخالفت میں ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد برابر ہو گئی۔

اس صورت حال میں امریکا کے نائب صدر مائیک پینس کو میدان میں آنا پڑا اور انہوں نے صدر کی نامزد کردہ امیدوار کے حق میں ووٹ ڈال کر بیٹسی ڈیووس کے نام کی توثیق کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ امریکی آئین میں اس بات کی گنجائش ہے کہ اگر ایوان رائے شماری میں منقسم ہو تو نائب صدر ووٹنگ میں حصہ لے سکتا ہے جبکہ کابینہ کے کسی نامزد رکن کی توثیق کے مرحلے کے دوران امریکی تاریخ میں پہلی بار کسی نائب صدر نے اپنا ووٹ ڈالا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔