رانچی ٹیسٹ؛ اسمتھ نے کوہلی کے زخموں پر نمک چھڑک دیا

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 17 مارچ 2017
کوہلی فیلڈنگ کے دوران کندھے کی تکلیف میں مبتلا ہوکر میدان سے باہر چلے گئے۔ فوٹو: بی سی سی آئی

کوہلی فیلڈنگ کے دوران کندھے کی تکلیف میں مبتلا ہوکر میدان سے باہر چلے گئے۔ فوٹو: بی سی سی آئی

رانچی:  اسٹیون اسمتھ کی ناقابل شکست سنچری نے ویرات کوہلی کے زخموں پر نمک چھڑک دیا، تیسرے ٹیسٹ کے ابتدائی روز آسٹریلوی کپتان کے117 رنز کی بدولت مہمان ٹیم نے 4 وکٹ پر 299 رنز بنالیے، دوسرے اینڈ پر گلین میکسویل 82 رنز کے ساتھ ڈٹے ہوئے تھے۔

بھارت کے نئے ٹیسٹ سینٹر رانچی پر اپنے 800 ویں ٹیسٹ کے آغاز میں آسٹریلوی ٹیم پہلے لڑکھڑائی مگر پھر جلد ہی سنبھل گئی، اوپنر ڈیوڈوارنر صرف 19 رنز بنانے کے بعد رویندرا جڈیجا کو ریٹرن کیچ تھما بیٹھے، میٹ رینشا نے ٹیم کو تیز آغاز فراہم کرنا چاہا مگر خود 44 رنز بناکر یادیوکی باہر جاتی ہوئی گیند کے سامنے بیٹ کرنے پر فرسٹ سلپ میں کوہلی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، مارش صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

دوسری جانب بھارت نے ایشون کی گیند پر بیٹ پیڈ کیچ کی زوردار اپیل مسترد ہونے پر تھرڈ امپائر سے رجوع کیا، ری پلیز میں واضح ہوگیا کہ گیند نے پیڈ کے ساتھ ٹکرانے سے قبل بیٹ کا اندرونی کنارہ چھوا تھا،پجارا نے بائیں جانب ڈائیو لگاکر شاندار کیچ تھاما۔ اسمتھ نے پیٹر ہینڈز کومب کی ہمراہی میں چوتھی کیلیے 51 رنز جوڑے، 140 رنز پر یہ شراکت ٹوٹ گئی جب ہنڈز کومب 19 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اب انجرڈ مچل مارش کی جگہ موقع پانے والے میکسویل نے وکٹ پر اسمتھ کو جوائن کیا،دونوں نے مل کر بھارتی بولنگ اٹیک کی کلاس لینا شروع کردی، اس دوران کوہلی فیلڈنگ کے دوران کندھے کی تکلیف میں مبتلا ہوکر میدان سے باہر چلے گئے، ان کی جگہ اجنکیا راہنے نے قیادت کی ذمہ داری سنبھالی۔

اسمتھ اور میکسویل نے دن کے اختتام تک ٹیم کا ٹوٹل 299 رنز 4 وکٹ تک پہنچایا، دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے 159 رنز کی پارٹنر شپ ہوچکی ہے، اسمتھ 117 اور میکسویل 82 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، امیش یادیو نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔