خالص سونے سے مزین جوتا

ویب ڈیسک  بدھ 29 مارچ 2017
اٹلی کے ڈیزائنر کا تیارہ کردہ یہ جوتا جو خریدے گا اسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے گھر پہنچایا جائے گا،
فوٹو: بشکریہ اینٹونیو فیس بک پیج

اٹلی کے ڈیزائنر کا تیارہ کردہ یہ جوتا جو خریدے گا اسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے گھر پہنچایا جائے گا، فوٹو: بشکریہ اینٹونیو فیس بک پیج

روم، اٹلی: اٹلی کے ایک مشہور شو ڈیزائنر نے پہلی مرتبہ ایک ایسا قیمتی جوتا تیار کیا ہے جس پر 230 گرام خالص سونا لگا ہے اور اس کی قیمت 27 لاکھ روپے سے بھی زیادہ ہے۔

اس جوتے کو تیار کرنے والے اطالوی ڈیزائنر کے مطابق ہر جوتے کے جوڑے پر کم ازکم 230 گرام 24 قیراط سونا لگایا گیا ہے اور خریدنے والے کو یہ جوتے اس کے گھر پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھجوائے جائیں گے جب کہ ایک جوڑے کی قیمت کم ازکم 27 لاکھ 40 ہزار روپے ہے۔

شمالی اٹلی کے شہر ٹیورن میں یہ جوتے محدود پیمانے پر بنائے جارہے ہیں اور ڈیزائنرکے مطابق اس کے لیے سعودی عرب، خلیج اورمشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک کا رخ کیا جائے گا کیونکہ وہاں اس کے اچھے اور قدردان گاہک مل سکتے ہیں۔

ڈیزائنر کے مطابق یہ دنیا کا پہلا جوتا ہے جس میں 24 قیراط سونا لگایا گیا ہے جب کہ یہ کوئی کف لنک یا بٹن نہیں بلکہ سونا اس جوتے کا اہم حصہ ہے۔ ڈیزائنر نے 2016 میں مرد حضرات کے لیے سونے کا پہلا جوتا بنایا تھا اور اس سال کے آخر میں وہ خواتین کے لیے سونے کا جوتا تیار کریں گے جس کی قیمت بھی 30 لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے۔ ان کے مطابق 24  قیراط سونے کو جوتے پر سمونا اور اسے آرام دہ رکھنا ایک چیلنج تھا جس پر کئی ماہ کی محنت کی گئی۔

 

واضح رہے کہ اس وقت اٹلی میں اعلیٰ معیار کی اشیا بنائی جارہی جو میڈ ان اٹلی کی تحریک کے تحت تیار کیا جارہی ہیں جب کہ ان قیمتی اور پرتکلف اشیا کے لیے تیل کی دولت سے مالامال خلیجی ممالک کی مارکیٹیں تلاش کی جارہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔