ڈیری سیکٹر کو بھی زیرو ریٹ قرار دینے پر زور

علیم ملک  منگل 23 مئ 2017
اسحق ڈارنے ڈیری ایسوسی ایشن کوقابل عمل تجاویزبجٹ میں شامل کرنے کایقین دلا دیا۔ فوٹو: فائل

اسحق ڈارنے ڈیری ایسوسی ایشن کوقابل عمل تجاویزبجٹ میں شامل کرنے کایقین دلا دیا۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن نے بجٹ تجاویز وزیر خزانہ اسحق ڈار کو پیش کردیں اور بجٹ میں ڈیری سیکٹر کو زیرو ریٹنگ کی حیثیت دینے اور ڈیری فارمز کے لیے بجلی کے رعایتی ٹیرف متعارف کرانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق نیسلے پاکستان، اینگر فوڈز، شکر گنج ملز، فوجی فوڈز پیکجز لمیٹڈ اور ایور فریش فارمز سمیت پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کی آئندہ مالی سال کی بجٹ تجاویز کے مطابق ایوسی ایشن نے بجٹ میں ڈیری سیکٹر کو زیر و ریٹنگ کی حیثیت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے جواز پیش کیا ہے کہ زیرو ریٹنگ ختم ہونے کے باعث دودھ پراسیسنگ انڈسٹری کی لاگت بڑھ گئی جو دودھ اور دودھ سے بننے والی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ بنی، اس لیے ڈیری سیکٹر کے لیے زیرو ریٹنگ بحال کی جائے تاہم ایسوسی ایشن نے پیک شدہ فوڈ انڈسٹری کو فروغ دینے کے پیش نظر آئندہ مالی سال کے بجٹ میں لیمی نیٹرز یا پیکننگ میٹریل پر سیلز ٹیکس کم کرنے کی تجویز دی ہے۔

ایسوی ایشن نے دودھ اور دودھ سے بنی ہوئی مصنوعات کو سیلز ٹیکس ایکٹ1990کے پانچویں شیڈول میں رکھنے اور ڈیری کے شعبے کے لیے زیرو ریٹنگ سہولت جاری رکھنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ ڈیری سیکڑ نے مصنوعات کی پیکنگ میں استعمال ہونے والے میٹریل پر سیلز ٹیکس اور ڈیوٹیز کی شرح کم کرنے کی سفارش کی تاکہ پیکڈ فوڈ انڈسٹری کو فروغ دیا جاسکے اور دودھ اور پھلوں کے گودے کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

ڈیری ایسوسی ایشن کی جانب سے دی گئی بجٹ تجاویز میں مائع دودھ اور پاؤڈر دودھ کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے اور اس پر کسٹم ڈیوٹی 20فیصد سے کم کر کے 10فیصد کرنے کی تجویز دی ہے۔ بجٹ تجاویز میں کہاگیا ہے کہ دودھ کو کسان سے براہ راست خریدنے یا کمیشن ایجنٹ کے ذریعے خریدنے کی صورت میں دودھ کو ودہولڈنگ ٹیکس سے مستثنٰی قراردیا جائے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے فنانس ایکٹ 2015میں سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے پانچویں شیڈول کے ذریعے زرعی مشینری پر سیلز ٹیکس 17فیصد سے کم کرکے 7ٰفیصد کیا تھا جس کے لیے ڈیری ایسوسی ایشن نے تجویز دی ہے کہ آئندہ بجٹ میں اس 7فیصد کی شرح میں بھی مزید کمی کی جائے، موورز اور کٹرز سمیت زرعی مشینری اور دودھ دوہنے کے سامان سمیت دیگر اشیا پر بھی سیلز ٹیکس میں کمی، انکم ٹیکس سے استثنیٰ، دودھ ٹھنڈا کرنے کیلیے استعمال ہونے والی بجلی پر رعایت، ویکسین درآمد کی اجازت دینے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن نے دوروز قبل بجٹ تجاویز وزیر خزانہ اسحق ڈار کو پیش کردیں جس پر وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی کہ ایوسی ایشن کی قابل عمل تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔