صومالیہ میں امریکی فضائی حملے میں 8 عسکریت پسند ہلاک

فضائی حملوں میں الشباب کا کمانڈ اینڈ لاجسٹک مرکز تباہ کردیا گیا، امریکی محکمہ دفاع

امریکی ائرفورس نے صومالیہ کی فوج پر حملوں کے جواب میں یہ کارروائی کی، پنٹاگون۔ فوٹو: فائل

افریقی ملک صومالیہ میں امریکی فضائی حملے میں 8 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو سے 185 کلو میٹر دور عسکریت پسند گروپ الشباب کے کمانڈ اینڈ لاجسٹک کیمپ کو نشانہ بنایا گیا ، کارروائی میں کیمپ تباہ جب کہ کم از کم 8 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔


پینٹاگون نے کہا ہے کہ الشباب کے خلاف فضائی کاررروائی صومالی فوج پر حملوں کے جواب میں کی گئی اور اس میں سرکاری فوج کا مکمل تعاون شامل تھا۔ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدارت سنبھالے جانے کے بعد صومالیہ میں پہلی امریکی کارروائی ہے۔

صومالیہ کے صدر نے بھی فضائی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی حملے میں الشباب کے ٹریننگ کیمپ کو ملیامیٹ کردیا گیا۔

واضح رہے کہ الشباب نامی عسکریت پسند تنظیم صومالیہ میں نظام حکومت میں تبدیلی اور اپنی مرضی کے نظام کے نفاذ کے لیے سرگرم ہے اور اس تنظیم کا القاعدہ سے الحاق ہے۔
Load Next Story