سلمان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ دوسرے دن بھی کمال نہ دکھاسکی

ویب ڈیسک  اتوار 25 جون 2017
فلم اب تک 42 کروڑ 32 لاکھ روپے کمانے میں کامیاب ہوئی ہے؛فائل فوٹو

فلم اب تک 42 کروڑ 32 لاکھ روپے کمانے میں کامیاب ہوئی ہے؛فائل فوٹو

ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان اس بار باکس آفس پر خاص کمال نہ دکھاسکے اور ان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ ریلیز کے دوسرے دن بھی بڑی تعداد میں فلم بین کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں ناکام رہی۔

سلمان خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ ‘‘دو روز قبل بھارت سمیت دنیا بھر میں نمائش کے لیےپیش کی گئی  تاہم پہلے دن فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ سلمان خان کی پچھلی فلموں کے مقابلے میں انتہائی کم صرف 21 کروڑ 15 لاکھ کا بزنس ہی کرسکی، بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کو مایوس کن قراردیتے ہوئے ٹویٹ کیا تھا کہ ’’سلمان خان جیسے زبردست اداکار اور شاندار منظر نگاری کے باوجود فلم میں کوئی دم نہیں‘‘۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سلمان خان کی ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کی روشنی پہلے ہی روزمدھم

فلمی پنڈت توقع کررہے تھے فلم دوسرے دن بہتر بزنس کرے گی لیکن توقع کے خلاف فلم کی دوسرے دن کی آمدنی میں پہلے دن کی نسبت صرف دو لاکھ روپے اضافہ ہوا، ترن آدرش نے ’’ٹیوب لا ئٹ‘‘ کے دونوں دنوں کا موازنہ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ جمعے کے روز فلم نے 21 کروڑ15 لاکھ جبکہ ہفتے کے روز 21 کروڑ17 لاکھ کا بزنس کیا ہے فلم اب تک 42 کروڑ 32 لاکھ روپے کمانے میں کامیاب ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ابھی فلم کو ریلیز ہوئے صرف دو دن ہی ہوئے ہیں جبکہ رمضان المبارک کے باعث لوگ زیادہ تعداد میں سینما کا رخ نہیں کررہے، لہٰذا امید ظاہر کی جارہی ہے کہ پیر کو عید کے پہلے دن لوگ بڑی تعداد میں سینما کا رخ کریں گے اور فلم کے بزنس میں بہتری دیکھنے میں آئے گی۔

واضح رہے کہ چین کے اشتراک اور کبیر خان کی زیر ہدایت بننے والی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ میں سلمان خان اور چینی اداکارہ ’’ژوژو‘‘ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جب کہ اوم پوری، شاہ رخ خان اور سلمان کے چھوٹے بھائی سہیل خان بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔