لندن کی مشہور کیمڈن مارکیٹ میں آتشزدگی

آگ پر قابو پانے کےلیے 70 فائر فائٹرز اور 10 فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں

آگ لگنے کے فوراً بعد پولیس اور ایمبولینس کی گاڑیاں موقع پر پینچ گئیں ؛فوٹوفائل

برطانیہ کے دارالحکومت لندن کی مشہور کیمڈن لاک مارکیٹ کی عمارت میں آگ لگ گئی ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ رات لندن کی کیمڈن لاک مارکیٹ کی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کی تین منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایمبولینس کی گاڑیاں موقع پر پینچ گئیں اور فائر بریگیڈ عملے کو بھی طلب کرلیا گیا۔ کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا۔ 70 کے قریب فائر فائٹرز اور 10 فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔




مقامی انتظامیہ کے مطابق آتشزدگی کے واقعے میں فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں تاہم پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں نے ارد گرد کے تمام علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، قریبی عمارات کو لوگوں سے خالی کرالیا گیا اور علاقے میں موجود دیگر افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے اور لوگوں کو اس جگہ سے دور رکھا جارہا ہے۔



واضح رہے کہ گزشتہ ماہ لندن میں ہی ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے درجنوں افراد زندہ جل گئے تھے۔

Load Next Story