شادی کی تیاری کیسے کریں؟

 منگل 19 ستمبر 2017
شادی سے قبل کئی بار دلہنیں کچھ ایسے ضروری کام کرنا بھول جاتی ہیں جو انہیں عین بیاہ کے دن یاد آتے ہیں ۔ فوٹو : فائل

شادی سے قبل کئی بار دلہنیں کچھ ایسے ضروری کام کرنا بھول جاتی ہیں جو انہیں عین بیاہ کے دن یاد آتے ہیں ۔ فوٹو : فائل

لڑکا ہو یا لڑکی شادی ہر کسی کی زندگی کا سب سے اہم دن ہوتا ہے۔ یہ وہ دن ہے جسے ہر انسان اپنی پوری زندگی میں ضرور یاد رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے ہر کوئی اپنی شادی سے قبل کئی چیزوں کا انتظام کرنا شروع کردیتا ہے کیوں کہ ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے اس کی شادی بہترین انداز میں ہو۔

دیکھا گیا ہے کہ پھر بھی شادی سے قبل کئی بار دلہنیں کچھ ایسے ضروری کام کرنا بھول جاتی ہیں جو انہیں عین بیاہ کے دن یاد آتے ہیں۔اس وقت پچھتاوے کے سوا کچھ ہاتھ میں نہیں رہتا۔ ایسی ہی کئی ضروری باتیں بیان کی جا رہی ہیں جن کا خیال آپ کو اپنی شادی سے قبل رکھنا چاہیے :

دھوپ میں زیادہ نہ گھومیں
اس بات کا خیال دلہا اور دلہن دونوں کو ہی رکھنا چاہیے کہ وہ اپنی شادی سے قبل دھوپ میں زیادہ نہ گھومیں۔ رنگ جیسا بھی ہو لیکن دھوپ سے خراب ہوئی جلد یقیناً آپ کی شادی کے روز آپ کا میک اپ اور انداز ،دونوںخراب کردے گی۔

بیوٹی پارلر کا انتخاب
شادی سے قبل اپنے میک اپ کے لیے اچھے بیوٹی پارلر کا جلد انتخاب کرلیں۔ اس کے علاوہ کوشش کریں کہ آپ جہاں تیار ہونے جارہی ہیں، اس پارلر اور اس کے میک اپ کے بارے میں آپ کو اچھی طرح معلوم ہو کہ وہ معیاری کام کرتے ہیں۔ کئی پارلرز شادی کے روز چہرے پر بے انتہا میک اپ تھوپ دیتے ہیں جس سے آپ کسی کیک سے کم نہیں نظر آتیں۔ اس لیے کوشش کریں کہ شادی کے روز بھی کم سے کم میک اپ کروائیں جس سے آپ کی اصل خوبصورتی ظاہر ہو سکے۔

جوتے میں چلنے کی مشق
پاکستان میں ہونے والی شادیوں میں زیادہ تر دلہنیں اپنے ملبوسات کے ساتھ اونچی ہیلز کا انتخاب کرتی ہیں۔ تاہم شادی کے روز اپنے بھاری جوڑے کے ساتھ عام طور پہ وہ انہیں پہن کر چل نہیں پاتیں۔

ویسے بھی کئی لڑکیوں کو اونچی ہیلز میں چلنا کافی دشوار لگتا ہے۔ اس لیے انہیں چاہیے کہ وہ شادی سے قبل اونچی ہیلز میں چلنے کی مشق کرلیں تاکہ وہ اپنی شادی کے روز مطمئن نظر آئیں۔ اس طرح بھاری لباس میں ہیلز پہن کر چلتے ہوئے گرنے کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے۔

نیند پوری کریں
نیند ہر انسان کے لیے بے حد ضروری ہے ۔ اگر آپ اپنی شادی کے روز ترو تازہ نظر آنا چاہتے ہیں تو اپنی نیند کو ضرور پورا کریں۔ نیند پوری کرنے کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ آنکھوں کے نیچے حلقے جنم نہیں لیتے۔

اچھے پوز
تصویر بنواتے وقت عموماً ہمیں یہ خیال بھی نہیں آتا کہ ہم کیسے لگ رہے ہوں گے۔ اسی لیے کئی سال بعد ان تصاویر کو دیکھ کر بہت برا لگتا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ ہم غلط انداز میں تصویر بنواتے ہیں۔لہذا کوشش کریں کہ اپنی شادی سے قبل تصاویر کے لیے ڈھنگ کے پوز بنانا سیکھ لیں جس سے آپ کم از کم کارٹون نہ لگییں۔ اس طرح بعد ازاں جب بھی آپ ان تصاویر کو دیکھیں گی، آپ کو اپنی شادی کے بہترین لمحات یاد آجائیں گے۔

متوازن غذا کھائیں
شادی کے دنوں میں اپنی صحت کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے۔ کوشش کریں کہ اپنی شادی سے قبل متوازن غذا کا استعمال شروع کردیں جس سے آپ اپنے بیاہ کے دن فٹ رہیں اور موٹاپے سے بچ سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔