افغانستان میں نجی ٹی وی چینل پر حملے میں خاتون ہلاک، نشریات بند

ویب ڈیسک  منگل 7 نومبر 2017
شدت پسند تنظیم داعش نے شمشاد ٹی وی پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ فوٹو: فائل

شدت پسند تنظیم داعش نے شمشاد ٹی وی پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ فوٹو: فائل

کابل: افغان دارالحکومت میں مقامی چینل پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے چینل کی نشریات بند کرادیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک مقامی ٹی وی چینل شمشاد پر حملہ ہوا ہے جس میں اب تک ایک خاتون کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ متعدد افراد زخمی ہیں۔ چینل کی انتظامیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر حملے کی اطلاع دی اور حملے میں زخمی ہونے والے عملے کی حفاظت کے لئے دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے۔

کابل پولیس چیف کے مطابق حملہ آوروں نے دستی بموں اور خود کار ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے بعد ٹی وی کی نشریات بند کردی گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فورسز پہنچ گئی اور کارروائی کرکے ایک حملہ آور کو ہلاک کردیا اور عمارت کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم دہشت گردوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے اور تاحال فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری ہے۔

پولیس چیف کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں یا حملہ آوروں دونوں کی تعداد کے بارے میں ابھی کچھ  بھی کہنا قبل از وقت ہے جب کہ واقعے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔