پاکستان امریکی فوجی امداد لینے والا سب سے بڑا ملک ہے، امریکی سفارتخانہ

نمائندہ ایکسپریس / خبر ایجنسیاں  منگل 10 دسمبر 2013
جولائی 2012 سے اب تک امریکہ نے پاکستان کو 1.15ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کی ہے۔

جولائی 2012 سے اب تک امریکہ نے پاکستان کو 1.15ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کی ہے۔

اسلام آ باد: امریکی سفارتخانے نے کہا ہے کہ پاکستان امریکی فوجی امداد لینے والا سب سے بڑا ملک ہے جو ہماری طویل المدت شراکت داری اور مشترکہ مفادات سے وابستگی کی علامت ہے۔ 2002ء سے لے کر اب تک پاکستان 16 ارب ڈالر سے زائد کی امداد سیکیورٹی تعاون اور سی ایس ایف کی مد میں وصول کرچکا ہے۔

یہ فوجی امداد اس مضبوط غیر فوجی امداد کے علاوہ ہے جس کا مقصد عام پاکستانی شہریوں کے معیار زندگی کو بجلی تک رسائی، اچھی حکمرانی، معاشی ترقی اور تعلیم کے ذریعہ بلند کرنا ہے۔ پاکستان کو دی گئی امریکی امداد کے حوالے سے امریکی سفارتخانے سے جاری حقائق نامے میں کہا گیا ہے کہ مالی سال2014ء کیلئے صدر اوباما نے پاکستان کیلئے 305 ملین ڈالر فوجی اور 858 ملین ڈالر وسیع الجہت غیر فوجی امداد کی درخواست کی ہے۔ پاکستان کیلیے امریکی امداد تین وسیع زمروں میں دی جاتی ہے۔ فوجی امداد، کولیشن سپورٹ فنڈز (سی ایس ایف) اور غیر فوجی امداد جو توسیعی ترقیاتی امور بشمول نظم ونسق کے نفاذ پر محیط ہے۔

پاکستان کیلئے امریکی فوجی امداد اس طرز پر وضع کی گئی ہے جو انسداد دہشت گردی، شورش کچلنے، سمندروں کی حفاظت اور انسداد منشیات کیلئے پاکستان کی صلاحیتوں کو بڑھا سکے۔ یہ امریکی امداد فاٹا میں مسلح تشدد سے نمٹنے، افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مشترکہ سرحدوں کی نگرانی میں اعانت کرتی ہے۔ جولائی 2012 سے اب تک امریکہ نے پاکستان کو 1.15ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کی ہے، ان میں مواصلات کے جدید آلات، آئی ای ڈی جیمرز، بارودی سرنگوں سے بچنے کا دیگر سازوسامان، رات کو دیکھنے والی دوربینیں، نگرانی کے طیارے، ساحلوں کی نگرانی کرنے کے ٹاورز اور ان کے متعلق آلات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ امریکا نے پاکستان  کے P-3 اور ٰF-16 طیاروں اور Mi-17ہیلی کاپٹروں کو بہترسازوسامان سے آراستہ بھی کیا ہے۔ فی الوقت امریکا پاکستان کی اکتوبر سے دسمبر 2012ء کے دوران خرچ کی گئی فوجی رقوم کی واپسی کی درخواست پر کارروائی کر رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔