انوشکا شرما بیٹے کی پیدائش کے بعد پہلی بار منظرِ عام پر

ویب ڈیسک  اتوار 5 مئ 2024
15 فروری کو انوشکا شرما کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی : فوٹو : بھارتی میڈیا

15 فروری کو انوشکا شرما کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی : فوٹو : بھارتی میڈیا

بنگلورو: بالی ووڈ اسٹار اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما اپنے بیٹے کی پیدائش کے بعد پہلی بار عوامی سطح پر منظرِ عام پر آگئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز 4 مئی کو بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم میں رائل چیلنجرز بنگلورو اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان میچ کھیلا گیا جس میں انوشکا شرما نے بھی شرکت کی۔

ہر سال کی طرح، اس بار بھی انوشکا شرما اپنے شوہر ویرات کوہلی کو بڑے جوش و خروش کے ساتھ سپورٹ کرتی نظر آئیں، جیسے جیسے میچ آگے بڑھ رہا تھا تو اسٹیڈیم میں موجود کیمروں نے انوشکا کے مختلف تاثرات کو قید کیا۔

ایک موقع پر جب ویرات کوہلی رن آؤٹ ہونے لگے تو انوشکا شرما کے چہرے پر حیرانی نظر آئی اور اگلے ہی لمحے جب کوہلی رن آؤٹ ہونے سے بچ گئے تو اداکارہ نے سکون کی سانس لی۔

ویرات کوہلی کے بیک ٹو بیک چھکوں پر بھی انوشکا شرما پُرجوش انداز میں خوشی سے تالیاں بجاتی ہوئی نظر آئیں، کوہلی نے بھی اہلیہ کی حوصلہ افزائی پر ردعمل دیتے ہوئے دور سے اُنہیں اشارے سے بوسہ دیا۔

میچ میں ویرات کوہلی کی شاندار پرفارمنس پر انوشکا شرما بہت خوش تھیں لیکن جب کوہلی آؤٹ ہوئے تو اداکارہ مایوس ہوئیں۔

واضح رہے کہ انوشکا شرما اپنے بیٹے کی پیدائش کے بعد پہلی بار عوامی سطح پر منظرِ عام پر آئی ہیں، اس سے قبل اداکارہ کی سالگرہ کی تقریب کی تصویر وائرل ہوئی تھی جو اُنہوں نے ویرات کوہلی اور رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم کے ہمراہ منائی تھی۔

مزید پڑھیں: انوشکا شرما اور کوہلی بھارت چھوڑ کر برطانیہ منتقل ہورہے ہیں؟ پوسٹ وائرل

انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے ہاں رواں سال 15 فروری کو بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی لیکن اس جوڑی نے 20 فروری کو سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے بیٹے کی پیدائش کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل اسٹار جوڑی کے ہاں جنوری 2021 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے وامیکا رکھا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔