ڈبلیو ایچ او نے ڈینگی کی دوسری ویکسین کی منظوری دیدی
اس ویکسین کی دو خوراکیں ڈینگی کی چار اقسام کے خلاف تحفظ فراہم کرتی ہیں
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ڈینگی کی دوسری ویکسین کو منظوری دے دی۔ ادارے کی جانب سے لیا جانے والا یہ اقدام مچھروں کے سبب ہونے والی بیماری کے خلاف دنیا بھرمیں لاکھوں افراد کو تحفظ فراہم کرے گا۔
ایجنسی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ادارے نے جاپانی ادویہ ساز کمپنی ٹاکیڈا کی جانب سے بنائی گئی ڈینگی ویکسین کو منظوری دی ہے۔
ڈبلیو ایچ او کی جانب سے اس ویکسین کو چھ سے 16 سال کے ان بچوں میں استعمال کرنے کی تجویز دی گئی ہے جو ایسے علاقوں میں رہتے ہیں جہاں ڈینگی کی شرح زیادہ ہے۔ اس ویکسین کی دو خوراکیں ڈینگی کی چار اقسام کے خلاف تحفظ فراہم کرتی ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کی منظوری کا مطلب ہے کہ اس ویکسین کو اب مختلف ڈونر اور اقوامِ متحدہ کی دیگر ایجنسیاں خرید کر غریب ممالک میں تقسیم کر سکیں گے۔
مطالعوں میں یہ ویکسین ڈینگی کے مریضوں کو اسپتال میں داخلے سے بچانے میں 84 فی صد تک اور علامات کو ختم کرنے میں اندازاً 61 فی صد تک مؤثر دیکھی گئی۔
واضح رہے کیو ڈینگا نامی اس ویکسین کو اس قبل 2022 میں یورپین میڈیسن ایجنسی سے منظوری مل چکی ہے۔